ٹھیکیداروں کی اجارہ داری ٬ میٹرک کی کتاب مہنگی٬ چھپائی میں تاخیر

ٹیکسٹ بورڈ کے رجسٹرڈ ٹھیکیداروں نے ٹینڈرزمیں 9ویں اور10ویں جماعت کی عملی نوٹ بک کی قیمت37فیصدزیادہ بھردی ٬ بورڈ انتظامیہ پریشان٬ورک آرڈرجاری نہیں کئے

بدھ 26 اکتوبر 2016 12:30

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 اکتوبر2016ء)پنجاب ٹیکسٹ بک بورڈ کے ٹھیکیداروں کی اجارہ داری سے میٹرک عملی نوٹ بک مہنگی ہوگئی جبکہ ورک آرڈر(کتاب کی چھپائی) میں تاخیر سے طلبا تاحال کتاب سے محروم ہیں۔

(جاری ہے)

ٹیکسٹ بک بورڈ پنجاب کی جانب سے نویں اور دسویں کے طلبا کی عملی نوٹ بک کیلئے بورڈ نے رجسٹرڈ ٹھیکیداروں کے ٹینڈرز طلب کئے جس میں ٹھیکیداروں نے مناپلی کر کے گزشتہ سال کی نسبت اس سال نوٹ بک کی قیمت 37 فیصد زیادہ بھر دی ٬ ٹیکسٹ بک بورڈ انتظامیہ پریشان ہے کہ اس سال کی عملی نوٹ بک مارکیٹ میں 37 فیصد مہنگی ہو جائے گی ٬ اس صورتحال کے باعث ٹیکسٹ بک بورڈ نے ٹینڈرز ہونے کے باوجود ابھی تک ورک آرڈرز جاری نہیں کئے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پنجاب ٹیکسٹ بک بورڈ کتاب مہنگی ہونے کے خوف سے ٹینڈرز دوبارہ کرنا چاہ رہا ہے مگر اس صورت میں ٹھیکیداروں کا گروپ دوبارہ مناپلی کر کے ایک دو روپے زیادہ کا ٹینڈر دے گا جس سے ایک دفعہ پھر مایوسی کا سامنا کرنا پڑے گا۔ دوسری جانب طالب علموں کی بڑی تعداد پریشانی کا شکار ہے۔ طلبا نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس سال نوٹ بک لیٹ ہونے کے باعث پریکٹیکل کی تیاری میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔