ٹورازم کارپوریشن کے زیر اہتمام پیراگلائیڈنگ ایونٹ 5نومبر کو منعقد ہوگا

بدھ 26 اکتوبر 2016 12:06

پشاور۔26اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اکتوبر2016ء) ٹورازم کارپوریشن خیبرپختونخوا نے صوبہ کی نوجوان نسل کو ایڈونچر ٹوورازم اور دیگر تفریحی سہولیات فراہم کرنے کیلئے پیراگلائیڈنگ ایونٹ منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس میں صوبہ کی عوام خصوصاً نوجوان نسل کو باقاعدہ ٹریننگ دی جائے گی جس کے بعد وہ پیرا گلائیڈنگ کے مزے لوٹ سکے گا ٬ ٹورازم کارپوریشن خیبرپختونخوا نے ایڈونچر ٹورازم کے فروغ کیلئے ماہ نومبر اور دسمبر میں پیراگلائیڈنگ کے 5مختلف ایونٹس مختلف تاریخوں میں کرانے کا فیصلہ کیا ہے جو کہ اکوڑہ خٹک کے مقام پر منعقد کئے جائینگے ٬ اس سلسلے میں پہلے ایونٹ کا انعقاد5اور 6نومبر کو اکوڑہ خٹک میں کیا جائے گا جس میں 5نومبر کو حیات آباد سپورٹس کمپلیکس پشاور میں اس کی ٹرینر کے ذریعے باقاعدہ ٹریننگ دی جائے گی جبکہ 6نومبر کو اکوڑہ خٹک کے مقام پر پیراگلائیڈنگ کا میلہ منعقد ہو گا جس میں ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے 2 سولو فلائٹس فراہم کی جائینگی جبکہ دیگر فلائٹس پیراگلائیڈر کو خود کرنے کی اجازت ہوگی ٬پیراگلائیڈنگ کیلئے انٹری فیس 3 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے جبکہ اس دورے کے موقع پر ٹوورازم کارپوریشن خیبرپختونخوا کھانے پینے سمیت ٹرانسپورٹ کی سہولت بھی فراہم کرے گا ٬ پیرا گلائیڈنگ ایونٹ میں انٹری کیلئے آخری تاریخ 28 اکتوبر مقرر کی گئی ہے ‘ پیراگلائیڈنگ کے دیگر ایونٹس 19 اور 20نومبر٬ 3اور 4دسمبر٬ 16اور 17دسمبر جبکہ آخری ایونٹ 30 اور 31دسمبر کو منعقد کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

ہر ایونٹ سے دو بہترین پیراگلائیڈر کا چنائو کیا جائے گا جن کے مابین دسمبر کے آخر میں منعقد ہونے والے ایونٹ میں مقابلہ ہو گا اور ان میں سرٹیفیکیٹس تقسیم کئے جائینگے۔