Live Updates

عمران خان ہر وقت انتشار پھیلانے کی پالیسی پر عمل پیرا رہتے ہیں ٬رانا ثناء اللہ

ان کی منفی کوششیں ہمیشہ کی طرح اس بار بھی ناکام ہونگی ٬ یوتھ ونگ کے نوجوان پاکستان مسلم لیگ(ن)کے دست بازو ہیں ٬صوبائی وزیر قانون پنجاب

منگل 25 اکتوبر 2016 22:23

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 اکتوبر2016ء) صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ خاں نے کہا کہ عمران خان ہر وقت انتشار پھیلانے کی پالیسی پر عمل پیرا رہتے ہیں جن کی منفی کوششیں ہمیشہ کی طرح اس بار بھی ناکام ہونگی ٬ یوتھ ونگ کے نوجوان پاکستان مسلم لیگ(ن)کے دست بازو ہیں جن کی ترقی وفلاح کیلئے موجودہ حکومت انقلابی پالیسیوں پر عمل پیرا ہے اورحلقہ پی پی 70 میں یوتھ ونگ کے مزید 100 یونٹ کھولے جائیں گے۔

انہوں نے یہ بات یوتھ ونگ حلقہ پی پی 70 کے عہدیداران سے ملاقات کرتے ہوئے کہی۔اس موقع پر صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) یوتھ ونگ خالد نور انصاری٬محمد جعفر٬کاشف صدیقی اور یوتھ ونگ کے دیگر عہدیداران بھی موجود تھے۔صوبائی وزیر قانون نے کہا کہ نوجوان پارٹی کا قیمتی اثاثہ ہیںجن سے قومی ترقی کے عمل میں بہت سی توقعات وابستہ ہیں لہذا وہ عوامی خدمت کے سلسلے میں حکومتی پالیسیوں کو آگے بڑھاتے ہوئے پارٹی کا وقار بلند کریں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ قائدین پاکستان مسلم لیگ (ن) نوجوانوں کی صلاحیتوں سے بھرپور استفادہ کرنے کے پروگرام پر عمل پیرا ہیں یہی وجہ ہے کہ انہیں مختلف شعبوں میں نمائندگی بھی دی جارہی ہے۔انہوں نے نوجوانوں سے کہا کہ ان کے دروازے ہر وقت عوامی خدمت کیلئے کھلے رہنے چاہیں۔صوبائی وزیر قانون نے کہا کہ حلقہ پی پی 70 میں لوگوں کو تعلیم٬صحت٬مواصلات اوردیگر شعبوں میں جدید و معیاری سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا گیا ہے اور عوامی خدمت کا سفر تیزی سے جاری ہے۔

اس موقع پر خالد نور انصاری و دیگر عہدیداران نے کہا کہ عوامی خدمت کے ریکارڈ ترقیاتی منصوبے مکمل کرنے کا اعزاز صرف صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ خاں کو حاصل ہے یہی وجہ ہے کہ لوگ انہیں دل وجان سے چاہتے ہیں۔انہوں نے پاکستان مسلم لیگ (ن)کی قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار بھی کیا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات