سینیٹر مظفرحسین شاہ کی زیرصدارت خیبر پختونخوا حکومت کے 24 مطالبات کے حوالے سے سپیشل کمیٹی کا اجلاس

منگل 25 اکتوبر 2016 22:06

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اکتوبر2016ء) خیبر پختونخوا حکومت کے 24 مطالبات کے حوالے سے تشکیل دی جانے والی سپیشل کمیٹی کا اجلاس کنوینئر کمیٹی سینیٹر سید مظفرحسین شاہ کی صدارت میں پارلیمنٹ ہائوس میں منعقد ہوا ۔ سپیشل کمیٹی کے اجلاس میں صوبائی حکومت کے 24 مطالبات کے حوالے سے معاملات کا جائزہ لیا گیا ۔ کنونیئر کمیٹی نے کہا کہ صوبائی حکومت کی24 مطالبات کا جائزہ لینے کیلئے چیئرمین سینیٹ نے متعلقہ کمیٹیوںکو مطالبات بھیجے تھے۔

قائمہ کمیٹیوں نے ان مطالبات کی رپورٹ پیش کی تو چیئرمین سینیٹ نے عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے سپیشل کمیٹی تشکیل دی ۔ سپیشل کمیٹی نے وفاقی حکومت٬ صوبائی حکومت اور متعلقہ اداروں سے مل کرسفارشات مرتب کیں تو سینیٹر نعمان وزیر نے کچھ سفارشات پر تحفظات کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

سپیشل کمیٹی نے صوبائی حکومت کو سفارشات کا جائزہ لے کر جواب فراہم کرنے کی ہدایت کی مگر ابھی تک جواب موصول نہیں ہوئے۔

چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا نے ایک ہفتے کی مہلت کی درخواست کی تو کنوینئر کمیٹی نے اراکین کمیٹی کی متفقہ رائے سے چیف سیکرٹری کو ایک ہفتے کے اندر سفارشات جمع کرانے کی ہدایت کر دی تاکہ اگر سفارشات میں کوئی مسئلہ ہو تو متعلقہ اداروں کے ساتھ حل کیا جا سکے ۔ قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں سینیٹرز سردار فتح محمد محمد حسنی٬ تاج حیدراو کرنل (ر) طاہر حسین مشہدی کے علاوہ وفاقی وزیر پٹرولیم شاہد خاقان عباسی٬ چیف سیکرٹری خیبر پختوا٬ ممبر ایف بی آر کے علاوہ دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی ۔