خصوصی افراد کو سرکاری ملازمتوں میں 2فیصد کوٹہ کے تحت ملازمتیں فراہم کی جائیں٬نجی اداروں کو بھی خصوصی افراد کو ملازمتیں دینے کا پابند بنایا جائے اور کم تعلیم یافتہ خصوصی افراد کے لیے ماہانہ وظیفہ مقرر کی جائے٬پیدائشی طور پر چھوٹے قد کے افراد پرمشتمل سماجی تنظیم لٹل پیپل آف پاکستان ویلفیئر ایسو سی ایشن کی وزیر اعلیٰ سندھ سے اپیل

منگل 25 اکتوبر 2016 21:44

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 25 اکتوبر2016ء) پیدائشی طور پر چھوٹے قد کے افراد پرمشتمل سماجی تنظیم لٹل پیپل آف پاکستان ویلفیئر ایسو سی ایشن نے وزیر اعلیٰ سندھ سے اپیل کی ہے کہ خصوصی افراد کو سرکاری ملازمتوں میں 2فیصد کوٹہ کے تحت ملازمتیں فراہم کی جائیں٬نجی اداروں کو بھی خصوصی افراد کو ملازمتیں دینے کا پابند بنایا جائے اور کم تعلیم یافتہ خصوصی افراد کے لیے ماہانہ وظیفہ مقرر کی جائے ٬منگل کو چھوٹے کے قد کے افرادکے عالمی دن کے موقع پر کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ایسو سی ایشن کے صدر کامران احمد خان نے کہا کہ چھوٹے قد کے حامل افراد صلاحیتوں اور ٹیلنٹ میں کسی سے کم نہیں ٬ ہمارے میں محنت سے کام کرنے کا جذبہ موجود ہے لیکن کوئی ادارہ ملازمت دینے کو تیار نہیں٬ جبکہ سرکاری محکموں میں خصوصی افراد کے مختص2فیصد کوٹہ پر بھی عمل نہیں کیا جارہا جس کی وجہ سے ہم احساس کمتری کا شکار ہورہے ہیں۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ چھوٹے قد کے افراد کو بھی معاشرے میں رہنے کا حق ہے ٬ تاہم ملازمتوں کی عدم دستیابی کی وجہ سے کوئی بھی اپنی بیٹی کا رشتہ دینے کو تیار نہیں ہوتا٬ ہمیں ہمارے حقوق دیے جائیں٬ انھوں نے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ او ر چیئر مین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو سے اپیل کی کہ چھوٹے قد کے افراد کو2فیصد خصوصی کوٹہ کے تحت سرکاری ملازمتیں فراہم کی جائیں۔