ہمارے معاشرے میں تعلیم کی کمی کے باعث مختلف جگہوں پر تشدد کے واقعات رونما ہو رہے ہیں ٬ معاون خصوصی وزیراعلیٰ سندھ

ہمارے پاس سہولیات کے فقدان کے باعث عام لوگوں کو انسانی حقوق اور تعلیم کی فراہمی کے سلسلے میں آگاہی دینے کی سخت ضرورت ہے

منگل 25 اکتوبر 2016 21:25

سکھر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 اکتوبر2016ء) وزیر اعلیٰ سندھ کی خصوصی معاون برائے انسانی حقوق ریحانہ لغاری اور ایم پی اے سیمیں فرحت سومرو نے سکھر سول اسپتال٬ دارالاامان اور انسانی حقوق کے حوالے سے ایک اجلاس کی صدارت کی جس میں ڈپٹی کمشنر سکھر ٬ محکمہ تعلیم ٬ صحت اور پولیس کے افسران نے صحت ٬ تعلیم اور انسانی حقوق کے حوالے سے آگاہی دی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ کی خصوصی معاون برائے انسانی حقوق ریحانہ لغاری نے کہا کہ ہمارے معاشرے میں تعلیم کی کمی کے باعث مختلف جگہوں پر تشدد کے واقعات رونما ہو رہے ہیں اور جہالت اور کم علمی کے باعث لوگ اپنے بنیادی انسانی حقوق سے محروم کئے جا رہے ہیں ٬ انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے پاس سہولیات کے فقدان کے باعث عام لوگوں کو انسانی حقوق اور تعلیم کی فراہمی کے سلسلے میں آگاہی دینے کی سخت ضرورت ہے انہوں نے کہا کہ ہمارے معاشرے میں خصوصا د یہی علاقوں میں تعلیم کا سخت فقدان ہے جب کہ ا دارے بھی اپنا کام صحیح طرح سے نہیں کر رہے ہیں جس کے باعث لوگوں کو اپنے بنیادی حقوق کے حصول میں دشواری کا سامنا ہے انہوں نے مزید کہا کہ گھوسٹ اساتذہ ملک و قوم کے معماروں کے مستقبل کے ساتھ کھیل رہے ہیں جن کو اب مزید برداشت نہیں کیا جائے گا حکومت سندھ تمام شعبوں کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لئے کو شاں ہے اور اس سلسلے میں مناسب اور فوری اقدامات کئے جا رہے ہیں تا کہ لوگوں کو بہتر سے بہتر سہولیات فراہم کی جاسکیں۔

(جاری ہے)

بعد ازاں خصوصی معاون نے دارالامان کا دورہ کیا اور وہاں کے عملے اور وہاں مقیم خواتین سے ان کے مسائل کے متعلق آگاہی حاصل کی ٬ اس موقع پر صوبائی معاون نے ڈپٹی ڈائریکٹر ہیو من رائٹس کو ہدایت کی کہ جن خواتین کو قانونی معاونت درکار ہے ان کو این جی اوز کے تعاون سے جلد معاونت فراہم کی جائے انہوں نے دارالاامان کے ماحول اور وہاں مقیم خواتین کو حکومت کی جانب سے ملنے والی سہولیات کا جائزہ لیا اور کہا کہ یہ ایک کار خیر ہے کہ یہاں پر دنیاوی اور دینی تعلیم کے ساتھ ساتھ ہنر کی تعلیم بھی دی جا رہی ہے تا کہ یہاں سے جانے کے بعد یہ خواتین اپنے خاندان کی کفالت میں اہم کردار ادا کرسکیں۔

ریحانہ لغاری نے دارالامان سکھر میں صفائی ستھرائی اور بجلی کی فراہمی کے متبادل نظام کی بھی تعریف کی۔ قبل ازیں خصوصی معاون نے سول اسپتال سکھر میں خواتین اور بچوں کے وارڈز کا دورہ کیا اور ان کے مسائل معلوم کئے اور ان کے جلد از جلد حل کئے جانے کی یقین دہانی بھی کرائی۔

متعلقہ عنوان :