پشتونخواملی عوامی پارٹی کی پولیس ٹریننگ کالج پر دہشتگردی کے وحشیانہ حملے کی پرزور مذمت

منگل 25 اکتوبر 2016 21:23

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 25 اکتوبر2016ء) پشتونخواملی عوامی پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ کے پریس ریلیز میں کوئٹہ کے پولیس ٹریننگ کالج پر دہشتگردی کے وحشیانہ حملے میں صوبے کے تمام اضلاع اور علاقوں سے تعلق رکھنے والے پولیس کے درجنوں نوجوانوں کی شہادت اور 100سے زائد زخمی کرنے کے واقعہ کو 8اگست کے بعددوسرا عظیم قومی سانحہ قرار دیتے ہوئے دہشتگردی کے اس وحشیانہ اقدام کی پرزور مذمت کی گئی ہے ۔

پولیس ٹریننگ کالج کے شہدا کے سوگ اور لواحقین سے اظہار ہمدردی کے طور پر آج 26اکتوبر بروز بدھ کو کوئٹہ میں پشتونخوامیپ کی اپیل پر مکمل شٹر ڈائون ہڑتال کیا جائیگا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ 2مہینوں کے دوران کوئٹہ میں درجنوں وکلاء اوردرجنوں پولیس نوجوانوں کی شہادت کے خونین قومی سانحات پر نہایت دکھ وافسوس کا اظہار کرتے ہوئے دہشتگردی کی اذیت ناک صورتحال در اصل ماضی کی حکومتوںکی غلط پالیسیوں کا نتیجہ ہے صوبائی حکومت کی تمام کوششوں کے باوجود دہشتگردی کے وحشیانہ واقعات پر قابو نہیں پایا جاسکا ہے دہشتگردی اگر چہ اب ایک بین الاقوامی ناسو ر بن چکا ہے ملک اور خصوصاً صوبے میں دہشتگردی کے واقعات جاری ہیں دہشتگردی کے واقعات کا نوٹس لینا دنیا کے تمام جمہوری ٬امن پسند ممالک٬ قوموں اور عوام کی ذمہ داری ہے ۔

(جاری ہے)

جب تک دہشتگردی کے مراکز ان کے نیٹ ورکس کا خاتمہ نہیں کیا جاتا اس وقت تک ہمارے عوام کے جان ومال کے تحفظ ممکن نہیں ہے ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ انتہا پسندی ٬ فرقہ واریت ٬ مذہبی جنونیت اور دہشتگردی کی قوتوں کا وجود ماضی کے آمرانہ حکمرانوں کے غلط پالیسیوں کا نتیجہ ہے ۔ دہشتگردی کے خاتمے کیلئے ہر امن دوست ٬ جمہوریت پسند فرد اور معاشرے کی ذمہ داری ہے کہ وہ امن کے قیام کیلئے سماجی شعور کو فروغ دینے میں انسانی ٬ جمہوری اور اسلامی فریضہ سرانجام دینے میں اپنا مثبت کردار ادا کرے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ پشتونخواملی عوامی پارٹی شہدا کے سوگوار خاندانوں کے ساتھ اس غم میں برابرکی شریک ہے اور زخمیوں کے ساتھ دلی ہمدردی کا اظہار کرتی ہے پارٹی اپنے عوام اور اپنے وطن کو دہشتگردی سے نجات دلانے کی جنگ میں کسی قربانی سے دریغ نہیں کریگی ۔ بیان میں کوئٹہ کے باشعور اور وطن پال عوام اورتاجر برادری سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ کوئٹہ پولیس ٹریننگ کالج کے سانحہ کے سوگ میں آج 26اکتوبر بروز بدھ کو مکمل شٹر ڈائون اور کاروبار بندکرکے دہشتگردی کے اس وحشیانہ اقدام کیخلاف اپنی یکجہتی ٬اتحاد٬ امن دوستی اور جمہوریت پسندی کا ثبوت دیں۔

متعلقہ عنوان :