بھکر٬پیک کے امتحان کے انعقاد کو بروقت یقینی بنانے کیلئے امیدواروں کی رجسٹریشن کے مرحلہ کو بروقت مکمل کیا جائے‘ ای ڈی او ایجوکیشن

منگل 25 اکتوبر 2016 20:54

بھکر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 اکتوبر2016ء)پیک کے امتحان کے انعقاد کو بروقت یقینی بنانے کیلئے امیدواروں کی رجسٹریشن کے مرحلہ کو بروقت مکمل کیا جائے‘ یہ بات ای ڈی او ایجوکیشن ملک محمد اشرف اعوان نے امیدواروں کی رجسٹریشن کے عمل میں غفلت برتنے والے تین کلسٹر سنٹروں کے سی ٹی ایس سی ہیڈز سمیت 12آئی ٹی ٹیچرز کیخلاف پیڈا ایکٹ کے تحت کاروائی کرتے ہوئے کہی ‘ اس موقع پر رجسٹرار امتحانات ملک حسنین حیدر کھرل بھی موجود تھے۔

انہوں نے کہا کہ پیک کے سالانہ امتحان2017میں جماعت پنجم اورجماعت ہشتم کے امیدواروں کی رجسٹریشن کا مرحلہ ضلع کی52کلسٹرسنٹروں پر پوری دیانتداری سے مکمل کیا جارہا ہے لیکن گورنمنٹ ہائی سکول ڈھنگانہ ہائی سکول کاٹھ اور ہائی سکول دلیوالہ میں رجسٹریشن کے عمل کی مایوس کن صورتحال پر ان کلسٹرز کے سی ٹی ایس سی ہیڈز سے تحریری جواب طلب کیا گیا ہے اس کے علاوہ گورنمنٹ ہائی سکول کوٹلہ جام کے آئی ٹی ٹیچر خضر عباس‘ ہائی سکول دلیوالہ کے مطلوب اعظم ‘ ہائی سکول کاٹھ کے کامران حیدر‘ ہائی سکول اشرف والا کے محمد کامران ‘ ہائی سکول روڈی کے محمد زبیر خان ‘ہائی سکول شہیداں کے راشد علی ‘ ہائی سکول نوتک کے ساجد محمود‘ ہائی سکول لتن کے ناصر اقبال ہائی سکول بستی میاں پنجہ کے عامر مصطفی ہائی سکول چک نمبر73ٹی ڈی اے کے محمد جبار‘ ہائی سکول 70/MLکے شفیق احمداور ہائی سکول ماہنی کے عامر شہزاد کو بھی ناقص کارکردگی کی بنیاد پر جواب طلب کا نوٹس جاری کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے سختی سے ہدایت کی کہ پیک کی رجسٹریشن کا عمل31اکتوبر تک ہر صورت 100فیصد مکمل کیا جائے انہوں نے پرائیویٹ سکولوں کو بھی سختی سے ہدایت کی کہ وہ اپنے اپنے متعلقہ کلسٹر سنٹروں میں جماعت پنجم اور جماعت ہشتم کے طلباء وطالبات کی سو فیصد رجسٹریشن مقررہ وقت کے اندر اندر کروائیں ‘ انہوں نے مزید بتایا کہ جن کلسٹر سنٹروں کے آئی ٹی ٹیچرز کی جواب طلبی کی گئی ہے انہوں نے ابھی تک صرف دس فیصد امیدواروں کی رجسٹریشن کا عمل مکمل کیاتھا اور ان سے اس غفلت سے متعلق تین روز میں اپنا جواب جمع کرانے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔