ای اسٹام پیپر شہریوں کو فراڈ وجعل سازی سے نجات کیلئے بنیادی اہمیت رکھتا ہے٬ساجد لطیف

منگل 25 اکتوبر 2016 20:25

اوکاڑہ۔25 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اکتوبر2016ء) ڈائریکٹر جنرل ای گورننس پنجاب ساجد لطیف نے کہا ہے کہ ای اسٹام پیپر کا جدید نظام عوام کو سہولت فراہم کرنے ٬ شہریوں کو فراڈ اورجعل سازی سے نجات کیلئے بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔ ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے ضلع اوکاڑہ میں ای اسٹام پیپر کے اجراء کے موقع پر سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر ممبر صوبائی اسمبلی چوہدری جاوید علائو الدین٬ کرنل ریٹائرڈ محمد مظہر٬ اے ڈی سی چوہدری محمد ریاض ٬اسسٹنٹ کمشنرز٬ ریونیو سٹاف٬ پراپرٹی ڈیلرز٬ وکلاء٬ صحافیوں اورڈسٹرکٹ گورنمنٹ کے افسران کی کثیر تعداد موجود تھی۔ ساجد لطیف نے کہا کہ پہلے مرحلہ میں نان جوڈیشل ای اسٹام پیپر کا اجراء شروع کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

اس پراجیکٹ میں کمپیوٹر پر ہی 32-Aچالان فارم بنا کر معلومات درج کی جائیں گی اور رقم بینک آف پنجاب کی کسی بھی برانچ میں جمع کروا کر ای اسٹام پیپر حاصل کئے جا سکتے ہیں جبکہ ای اسٹام پیپر کی تصدیق ویب سائٹ اور ایس ایم ایس کے ذریعے فوراً کی جا سکے گی۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت شفافیت اور عوام کی سہولت پریقین رکھتی ہے جس کیلئے تمام سرکاری محکمے بھر پور اقدامات کر رہے ہیں ٬ساجد لطیف نے کہا کہ پنجاب حکومت اسٹام پیپر کی چھپائی اور دیگر لوازمات پر سالانہ 80کروڑ روپے خرچ کر رہی تھی٬ ای اسٹام پیپر کے اجراء سے یہ خرچ کم ہو کر 20کروڑ روپے رہ گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ای اسٹام سسٹم کی ہر سطح پر مانیٹرنگ کی جا رہی ہے تاکہ کسی بھی سطح پر عوام کو کسی مشکل کا سامنا نہ کرنا پڑے٬ ساجد لطیف نے کہا کہ پنجاب کے 34اضلاع میں ای اسٹام پیپر کا اجراء کیا جا چکا ہے اور ضلع اوکاڑہ ای اسٹام پیپر کے اجراء کا 35واں ضلع ہے اور پورے پنجاب میں اب تک ای اسٹام پیپر کیلئے ایک لاکھ 86ہزار2سو78پیپر جاری کئے جا چکے ہیں جس کے ذریعے 4ارب 67کروڑ 94لاکھ روپے سے زائد رقم خزانہ میں جمع ہوئی ہے٬ اس موقع پر ایڈیشنل ڈسٹرکٹ کلکٹر چوہدری محمد ریاض نے کہا کہ ضلع اوکاڑہ میں ای اسٹام پیپر کے اجراء کیلئے 7ہیلپ ڈیسک جبکہ ضلع میں بینک آف پنجاب کی 11برانچوں میں ہیلپ ڈیسک بنا دئیے گئے ہیں٬ آخر میں ای اسٹام پراجیکٹ کے جوائنٹ ڈائریکٹر علی مظہر نے سسٹم سے متعلق بریفنگ دی اور حاضرین کے سوالوں کے جواب دئیے۔