اوپی ایف کے جاری ہائوسنگ منصوبوں کو جلد ازجلد مکمل کیا جائے٬ بیرسٹر امجد ملک

منگل 25 اکتوبر 2016 19:54

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اکتوبر2016ء) اوپی ایف بورڈ آف گورنرزکے چیئرمین بیرسٹر امجد ملک نے اوپی ایف حکام کو ہدایت کی ہے کہ ادارے کے جاری ہائوسنگ منصوبوں کو جلد ازجلد مکمل کیا جائے ۔ بیرسٹر امجد ملک نے یہ ہدایت اوپی ایف بورڈ آف گورنرز کے 135ویں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کی۔اوپی ایف بورڈ آف گورنرزکا اجلاس اوپی ایف ہیڈ آفس اسلام آباد میں منعقد ہوا جس میں بورڈ اراکین بشمول وفاقی سیکرٹری برائے سمندر پارپاکستانیز وترقی انسانی وسائل خضر حیات خان٬منیجنگ ڈائریکٹر اوپی ایف حبیب الرحمن گیلانی٬کیپٹن (ر)شاہیں خالد(امریکہ)٬چوہدری نورالحسن تنویر(یواے ای)٬محمد جہانگیر منہاس(آزادجموں وکشمیر)٬صاحبزادہ سعید احمد٬ وقار احمد جوائنٹ سیکرٹری وزارت خزانہ اور نثار احمد صدیقی ڈائریکٹر(آئی بی اے سکھر) نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس کو بتایا گیا کہ اوپی ایف نے رواں سال کی پہلی سہہ ماہی کے دوران 16.20ملین روپے بیرون ملک وفات پانے اور معذور ہونے والے سمندر پار پاکستانیوں کے لواحقین میں تقسیم کئے ۔ بورڈ نے 16ملین سے زائد کی خطیر رقم سمندر پارپاکستانیوں کے لواحقین میں تقسیم کرنے پر اوپی ایف کی کاوشوں کو سراہا۔ بورڈ نے اوورسیز پنجاب کمیشن کے ساتھ اوپی ایف کے باہمی معاہدے کی منظوری دی تاکہ سمندرپارپاکستانیوں کو درپیش مسائل اور ان کی شکایات کا ازالہ مل کر کیا جائے۔

اجلاس کے دوران دمام میں پھنسے پاکستانیوں کی مشکلات اور ان سے متعلق پیش رفت رپوٹ کا جائزہ لیا گیا۔سعودی عرب کے شہر الریاض میں تعینات کمیونٹی ویلفیئر اتاشی عبدالشکور شیخ نے بذریعہ ٹیلی فون بورڈ کو سعودی عرب میں پاکستانی مزدوروں سے متعلق اٹھائے گئے اقدامات سے متعلق آگاہ کیا ۔انہوں نے بتایا کہ زیادہ تر مزدور وں کے کیسز کارروائی کے لئے بھیج دیئے گئے ہیں ۔

بورڈ نے چیئرمین سے کہا کہ وہ سعودی عرب کا دور ہ کریں اور پاکستانی مزدوروں کے مسائل کے حل کے لئے حکومتی کوششوں سے متعلق اپنی رپورٹ مرتب کریں ۔بورڈ کو آئندہ سال سمندر پارپاکستانیوں کے کنونشن اور ایڈوائزی کونسل سے متعلق آگاہ کیا گیا۔بورڈ نے اوپی ایف ہائوسنگ سکیم زونV-اسلام آباد کے ترقیاتی امور کی تاخیر پر اپنے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے ہائوسنگ اینڈ ورکس ڈویژن کو ہدایت کی کہ آئندہ اجلاس میں منصوبوں کی بروقت تکمیل سے متعلق اپنی رپورٹ پیش کریں۔