کے ڈی اے کو آئینی و قانونی طورپر میئر کراچی کے ماتحت ہونا چاہئے٬ ایم کیوایم

کے ڈی اے ترجمان کا بیان سراسر حکومت سندھ کی مدہا سرائی ہے٬کے ڈی اے کے ڈائریکٹرجنرل کرپشن میں ملوث٬ رشوت کا بازار گرم کررکھا ہے ڈی جی کے ڈی اے حکومت سندھ کی جی حضوری کے بجائے ادارے کی ترقی٬ملازمین کے مسائل کے حل ٬ تنخواہوں کی ادائیگی کیلئے کردار ادا کریں٬ ترجمان

منگل 25 اکتوبر 2016 19:51

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 اکتوبر2016ء) متحدہ قومی موومنٹ (پاکستان ) کے ترجمان نے کہا ہے کہ KDAکو آئینی و قانونی اور اصولی طورپر میئر کراچی کے ماتحت ہونا چاہئے اور KDAکے ترجمان کا یہ بیان کہ میئر کراچی کبھی بھی KDAگورننگ باڈی کے چیئرمین نہیں رہے سراسر حکومت سندھ کی مدہا سرائی ہے ۔ ایک بیا ن میں ایم کیوایم (پاکستان ) کے ترجمان نے کے ڈی اے کے ترجمان کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے کہاکہ KDAکے سینکڑوں افسران اور ملازمین کئی مہینوں سے تنخواہوں سے محروم ہیں اور ان کی تنخواہوں کی ادائیگی اور ملازمین و افسران کے مسائل حل کرنے اور شہر ی خدمت کے کام انجام دینے کے بجائے کے ڈی اے کے ڈائریکٹرجنرل کرپشن میں ملوث ہیں اور انہوں نے ادارے میں رشوت کا بازار گرم کررکھا ہے ۔

ترجمان نے کہاکہ عوامی مسائل کے حل کے ادارے KDAکو حکومت سندھ کی جانب سے ہائی جیک کرلیا گیا ہے اور اس ادارے بہتری کی جانب لیجانے کے بجائے تنزلی کی طرف دھکیلاجارہا ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ۔

(جاری ہے)

ترجمان نے کہاکہ ایم کیوایم (پاکستان ) نے ماضی میں بھی KDAکی بہتری کیلئے ہمیشہ موثر اور عملی کردار ادا کیا ہے اور KDAکو میئر کراچی کے ماتحت نہ کرنے کی گھنائونی سازش کرکے ادارے کو تباہ و برباد کیاجارہا ہے جبکہ حکومت سندھ KDAمیں اپنی اجارہ داری قائم رکھنے کیلئے سراسر غیر قانونی اور غیرآئینی اقدامات کررہی ہے ۔

ایم کیوایم ترجمان نے ڈی جی KDA ناصر عباس کو مخلصانہ مشورہ دیا کہ وہ حکومت سندھ کی جی حضوری کرنے کے بجائے ادارے کی ترقی و خوشحالی اور ملازمین کے مسائل کے حل اور ان کی تنخواہوں کی ادائیگی کیلئے عملی کردار ادا کریں ۔