ملتان میٹرو بس منصوبے کے بہائوالدین زکریا میٹرو بس اسٹیشن کو میپکو کی طرف سے بجلی کا کنکشن فراہم کردیا گیا

منگل 25 اکتوبر 2016 19:50

ملتان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 اکتوبر2016ء) ملتان میٹرو بس منصوبے کے بہائوالدین زکریا میٹرو بس اسٹیشن کو میپکو کی طرف سے بجلی کا کنکشن فراہم کردیا گیا ہے جبکہ دیگر اسٹیشنز پر ٹرانسفارمر کیلئے پیڈ تیا ر کرلئے گئے ہیں ۔میٹرو بس اسٹیشنز پر مختلف آلات ایل ای ڈی لائٹس کی تنصیب اور ان کی تزئین وا ٓرائش جاری ہے ۔گزشتہ شب گلگشت میٹرو بس اسٹیشنز میں لگائی گئی ایل ای ڈی لائٹس روشن کی گئیں تو بس اسٹیشن جگمگا اٹھا ۔

بوسن روڈ ٬ ہمایوں روڈ اور چوک کمہاراں والا سے پیپلز کالونی کے درمیان واقع 15بس اسٹیشنز پر بنچز ٬ایل ای ڈی لائٹس ٬ٹرن سٹائل مشین اور آٹو میٹک ڈور لگانے کاکام تیزی سے جاری ہے ۔پیکج فائیو میں پیپلز کالونی سے چوک کمہاراں والا کے درمیان واقع چھ میٹرو بس اسٹیشنز میں سے پانچ پر ڈبل گلینرڈ سولر گلاس کی تنصیب مکمل ہوگئی ہے اس کے علاوہ اس سیکشن پر میٹرو بس کاریڈور کی لین مارکنگ اور کیرج وے کی روڈ مارکنگ کاکام بھی مکمل کرلیا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

میٹرو بس منصوبے کے افشار چوک سے منظور آباد کے درمیان واقع پیکج تھری پر فٹ پاتھ کی تعمیر مکمل کرلی گئی ہے ۔اس سیکشن میں فٹ پاتھ کی تعمیر میں حائل شہریوں کی طرف سے رکھا گیا تعمیراتی ملبہ ہٹا لیا گیا ہے۔اسی طرح منظور آباد سے اللہ وسایا چوک کے درمیان فٹ پاتھ کی تعمیر بھی تکمیل کے مراحل میں ہے ۔بی سی جی چوک پر فلائی اوور کے نیچے روڈ کی کنکریٹنگ کاکام مکمل کرلیا گیا ہے اور اسے ٹریفک کیلئے کھول دیا گیاہے میٹرو بس ڈپو پر بھی تعمیراتی کام جاری ہے ۔

ایڈمن بلاک کا ٹائل ورک مکمل کرلیا گیا ہے جسے اسی ہفتے ڈائیوو کمپنی کے حوالے کردیا جائے گا۔ اس کے علاوہ گاڑیوں کو ڈیزل کی فراہمی کے لئے فیو ل ٹینک نصب کردیا گیا ہے ۔میٹرو بس روٹ اور بس ڈپو کو لنک کرنے والی سڑک کی کارپٹنگ کاکام شروع کردیا گیاہے۔