پاکستان کونسل آف آرکیٹکٹ اینڈ ٹائون پلانرز میں رجسٹر ڈ ممبران ایم ڈی اے میں بطور آرکیٹکٹ اندراج کروا سکتے ہیں٬ الطاف حسین ساریو

منگل 25 اکتوبر 2016 19:47

ملتان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 اکتوبر2016ء) ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایم ڈی اے الطاف حسین ساریو نے کہا ہے کہ ایسے تمام آرکیٹکٹ جو پاکستان کونسل آف آرکیٹکٹ اینڈ ٹائون پلانرز کے رجسٹر ڈ ممبران ہیںوہ اب ایم ڈی اے میں بطور آرکیٹکٹ اپنا اندراج کروا سکتے ہیں تاکہ وہ ایم ڈی اے کے رجسٹرڈ شدہ آرکیٹکٹ کی لسٹ میں شامل ہو جائیں ۔

ان خیالات کا اظہار ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل نے گزشتہ روز شعبہ ٹریفک اینڈ ٹرانسپورٹ اور شعبہ آرکیٹکٹ کے افسران سے ملاقات کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا ہے کہ جو آرکیٹکٹ پاکستان کونسل آف آرکیٹکٹ اینڈ ٹائون پلانرز کے رجسٹرڈ ممبران ہیں وہ اپنا نام اور فرم ایم ڈی اے میں درج کروا کے ایم ڈی اے کے رجسٹر ڑ آرکیٹکٹ بن سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان کونسل آف آرکیٹکٹ اینڈ ٹائون پلانرز کے آریننس کے مطابق اب کوئی نان رجسٹرڈ آرکیٹکٹ کسی رجسٹرڈ آرکیٹکٹ کی مہر استعمال نہیں کر سکتا۔

اگر کسی نقشے پر کسی نان رجسٹرڈ آرکیٹیکٹ کی مہر پائی گئی تو اس کے خلاف PCATP کے آرڈیننس 1983 کی ذیلی شق نمبر29-20 کے تحت کاروائی عمل میں لائی جائے گی اور نقشہ بھی پاس نہیں کیا جائے گا۔وہ کہہ رہے تھے کہ ماضی میں اسطرح کی پریکٹس ہوتی رہی ہے کہ نان رجسٹرڈ آرکیٹکٹ کوئی بھی نقشہ بنا کر کسی بھی رجسٹرڈ فرم کی مہر لگا کر کام چلا لیتے تھے لیکن اب ایسا نہیں ہوگا۔ انہوں نے عوام سے بھی اپیل کی کہ نقشہ بنوانے سے پہلے اس بات کی تصدیق کر لیں کہ جس سے وہ نقشہ بنوا رہے ہیں وہ فرم یا آرکیٹیکٹ ایم ڈی اے میں رجسٹرڈ ہے یا نہیں ہے کیونکہ ایم ڈی اے اب ایسا کوئی نقشہ پاس نہیں کریگا جو ایم ڈی اے میں رجسٹرڈ آرکیٹکٹ سے بنا ہوا نہ ہو۔