ضلع کونسل چکوال میں تین کسان نشستوں ٬ چھ میونسپل کمیٹیوں میں چند نشستوں پر پولنگ آٹھ نومبر ٬ دس نومبر اور 12نومبر کو ہوگی

منگل 25 اکتوبر 2016 18:45

چکوال۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اکتوبر2016ء) ) ضلع کونسل چکوال میں تین کسان نشستوں ٬ چھ میونسپل کمیٹیوں میں چند نشستوں اور 71یونین کونسلوں میں چھ سات یونین کونسلوں میں مخصوص نشستوں پر پولنگ شیڈول کے مطابق آٹھ نومبر ٬ دس نومبر اور 12نومبر کو ہوگی۔ ضلع چکوال کے ریٹرننگ آفیسرز نے مقابلے کیلئے ان چند نشستوں پر امیدواروں کو انتخابی نشانات الاٹ کرتے ہوئے حتمی فہرستیں اپنے دفاتر کے باہر آویزاں کر دی ہیں۔

400سے زائد مسلم لیگ (ن) سے تعلق رکھنے والے امیدوار پہلے ہی غیر سرکاری طور پر بلا مقابلہ منتخب قرار دے دیئے گئے ہیں۔ ضلع کونسل چکوال میں بھی ایک کسان نشست پر مسلم لیگ (ن) کے پارلیمنٹرینز آمنے سامنے آگئے ہیں جس کی وجہ سے پولنگ ہوگی٬ بصورت دیگر ضلع کونسل چکوال کی24مخصوص نشستوں میں سی22نشستیں پہلے ہی مسلم لیگ (ن) کے امیدوار بلا مقابلہ کامیابی حاصل کر چکے ہیں۔

(جاری ہے)

ضلع کونسل چکوال میں پی ٹی آئی کی ثمینہ خضر نے ایک نشست جیتی ہے جبکہ تحصیل تلہ گنگ میں مسلم لیگ( ق) کی ایک خاتون نے بھی کاغذات نامزدگی داخل کرائے ہیں۔ میونسپل کمیٹی بھون میں بھی مقابلہ ہے جبکہ میونسپل کمیٹی کلر کہار میں بھی ایک دو نشستوں پر مقابلہ ہے۔ میونسپل کمیٹی چوآسیدنشاہ ٬ میونسپل کمیٹی تلہ گنگ اور میونسپل کمیٹی لاوہ میں بھی اکا دکا نشستوں پر مقابلے ہیں۔ مجموعی طو رپر صرف15نشستوں پر مقابلہ ہے۔ ضلع چکوال کی تاریخ میں موجودہ بلدیاتی انتخابات مکمل طور پر یکطرفہ ہو چکے ہیں۔