Live Updates

تحریک انصاف کے دھرنے کو کنٹرول کرنے کے لئے ون کمانڈ پولیس ایکشن ہوگا٬ کوئٹہ پولیس ٹریننگ سینٹر میں دہشت گردی میں شہید ہونے والوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں

انسپکٹر جنرل اسلام آباد پولیس طارق محمود یاسین کا ٹریفک آگاہی کے حوالے سے پینٹنگ مقابلے کے موقع پر خطاب اور میڈیا سے گفتگو

منگل 25 اکتوبر 2016 18:27

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اکتوبر2016ء) انسپکٹر جنرل اسلام آباد پولیس طارق محمود یاسین نے کہا ہے کہ 2 نومبر کو تحریک انصاف کے دھرنے کو کنٹرول کرنے کے لئے ون کمانڈ پولیس ایکشن ہوگا٬ کوئٹہ پولیس ٹریننگ سینٹر میں دہشت گردی میں شہید ہونے والوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں٬ دہشت گردی کے خلاف جنگ ہم ہی جیتیں گے۔ یہ بات انہوں نے منگل کو شکر پڑیاں اوپن ایئر تھیٹر میں طلبہ و طالبات کے درمیان ٹریفک آگاہی کے حوالے سے پینٹنگ مقابلے کے موقع پر بچوں سے خطاب اور صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

مقابلے کا انعقاد ٹریفک پولیس نے موبائل فون کمپنی موبی لنک کے اشتراک سے کیا تھا۔ آئی جی طارق محمود یاسین نے کہا کہ 2 نومبر کو دھرنے کے موقع پر شہر میں ہر ممکن طریقے سے امن قائم رکھا جائے گا اور 2 نومبر کو ون کمانڈ پولیس ایکشن پر عمل درآمد ہوگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کوئٹہ پولیس ٹریننگ مرکز میں دہشت گردی افسوسناک واقعہ ہے٬ اس سانحہ میں شہید ہونے والے جوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں٬ دہشت گردی کے خلاف جنگ ہماری جنگ ہے جسے ہم ہی جیتیں گے۔

قبل ازیں پینٹنگ مقابلوں میں شریک طلبہ و طالبات سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ننھے بچوں کے آئیڈیاز سے آج بڑوں کو سیکھنے کا موقع ملتا ہے٬ بچے ہمارا اثاثہ اور مستقبل ہیں٬ بچوں کے ذریعے ٹریفک قوانین سے متعقل آگاہی کے بہترین مواقع دستیاب ہیں۔ مقابلوں کے اختتام پر پوزیشنیں حاصل کرنے والے بچوں میں ٹرافیاں تقسیم کی گئیں۔ اس دوران انہوں نے بچوں کے ساتھ تصاویر اور سیلفیاں بنوائیں اور بچوں کو آٹو گراف بھی دیئے۔ پینٹنگ کے لئے خصوصی بچوں کے درمیان بھی الگ مقابلہ کا اہتمام کیا گیا تھا۔ اس موقع پر ایس ایس پی ٹریفک پولیس ملک مطلوب احمد‘ موبی لنک کے عمر حیدر‘ حمزہ جنید اور دیگر بھی موجود تھے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات