پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو 133 رنز سے شکست دیکر سیریز اپنے نام کرلی

پاکستان نے جیت کیلئے 456 رنز کا ہدف دیا٬ویسٹ انڈیز 322 رنز بنا سکی پاکستان کی جانب سے یاسر شاہ نے 5 جبکہ محمد نواز اور راحت علی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی

منگل 25 اکتوبر 2016 18:02

پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو 133 رنز سے شکست دیکر سیریز اپنے نام کرلی
ابو ظہبی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 اکتوبر2016ء) دوسرے ٹیسٹ میں پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو 133 رنز سے شکست دیکر ٹیسٹ سیریز بھی اپنے نام کرلی ہے۔ابوظہبی کے شیخ زید اسٹیڈیم میں کھیلے گئے ٹیسٹ کے آخری روز پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو 133 رنز سے ہراکر ٹیسٹ سیریز بھی اپنے نام کرلی جبکہ ویسٹ انڈیز کی پوری ٹیم دوسری اننگز میں پاکستان کے ہدف 456 رنز کے تعاقب میں 322 رنز ہی بناسکی۔

میچ کے پانچویں اور آخری روز171 رنز 4 وکٹوں کے نقصان پر کھیل شروع ہوا تو روسٹن چیز اور بلیک ووڈ نے تیزی سے رنز بنانا شروع کیئے اور 70 رنز کی شراکت قائم کی٬ تاہم روسٹن چیز 187 کے مجموعی اسکور 20 رنز بنا کر یاسر شاہ کا شکار ہو گئے٬اس کے بعد جرمین بلیک ووڈ نے مزید تیزی سے کھیلنا شروع کیا تاہم وہ بھی 95 رنز بنا کر 244 کے مجموعی اسکورپریاسر شاہ کی گھومتی گیند کا نشانہ بن گئے٬ جبکہ مہمان ٹیم کے کپتان جیسن ہولڈر بھی 266 کے مجموعی اسکور پر یاسر شاہ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوگئے٬اس کے بعد ویسٹ انڈیز کا کوئی بھی کھلاڑی خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھاسکا اور پوری ٹیم 322 رنز بناکر آئوٹ ہوگئی۔

(جاری ہے)

پاکستان نے ویسٹ انڈیز کے خلاف 3 ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی ہے۔ پاکستان کی جانب سے یاسر شاہ نے 5 جبکہ محمد نواز اور راحت علی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔واضح رہے کہ پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان دبئی میں کھیلے جانے والے پہلے ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میں گرین کیپس نے کالی آندھی کو 56 رنز سے شکست دی تھی۔