کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ میں مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا

سانحہ کوئٹہ کی شدید مذمت ٬ بھارت بلوچستان میں دہشتگردی کی کارروائیوں میں ملوث ہے ٬ حریت رہنماء

منگل 25 اکتوبر 2016 17:57

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 اکتوبر2016ء) کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کا ایک اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوا۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق اجلاس میں مقبوضہ کشمیر سے آئے ہوئے وائس آف وکٹمز کے ایگزیکیٹو ڈائریکٹر عبدالقدیر نے مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورتحال پر اظہار خیال کیا۔ حریت رہنماء میر طاہر مسعود نے کہا کہ حریت کانفرنس کو مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورتحال پر انتہائی تشویش ہے اور بھارت ظلم و جبر سے کشمیریوں کے حوصلے پست کرنے کی کوشش کررہا ہے۔

وائس آف وکٹمز کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر نے اس موقع پر کہا کہ قابض بھارتی فوج نے کشمیر ی عوام کی زندگی اجیرن کردی ہے اورگزشتہ ساڑھے تین مہینوں میں بھارتی فوج نے کشمیریوں پر مظالم کے پہاڑ توڑے ہیں۔

(جاری ہے)

لوگ اپنی مدد آپ کے تحت متاثرہ کشمیریوں کی مدد کررہے ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ بھارتی فوج کے علاوہ پولیس اہلکار اور انتظامی ادارے بھی کٹھ پتلی حکمرانوں سے ملے ہوئے ہیں اور بھارتی فوج کے ساتھ مظالم میں برابر کے شریک ہیں۔

ان افراد کو بے نقاب کرنے کی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بھارتی قابض افواج اور کشمیر پولیس کے چند افسروں نے کشمیری خواتین کی بے حرمتی کواپنا وطیرہ بنا رکھا ہے تاکہ کشمیری عوام کی عزت نفس مجروح کی جاسکے۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے کنوینیئر غلام محمد صفی نے معزز مہمان کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ مشکل حالات میں جو کام سرانجام دے رہے ہیں اس کیلئے وہ خراج تحسین کے مستحق ہیں ۔

اس موقع پر کل جماعتی حریت کانفرنس کا ایک تعزیتی اجلاس منعقد ہوا جس میں سانحہ کوئٹہ کی مذمت کی گئی اور المناک سانحہ میں قیمتی جانوں کی زیاں پر انتہائی دکھ اور افسوس کا اظہار کیا گیا۔ اجلاس میں قائدین نے کہا کہ بلوچستان میں بھارت دہشتگرد ی کی کارروائیوں میں ملوث ہے۔ بھارت نے آج تک پاکستان کے وجود کو تسلیم نہیں کیا یہی وجہ ہے کہ وہ پاکستان میں ترقی اور امن نہیں دیکھنا چاہتا ہے۔ شہداء کوئٹہ کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے حریت قائدین نے دہشتگردوں کی اس مذموم و بزدلانہ کارروائی کی پرزور مذمت کی اور اس اقدام کوانسایت سوز قرار دیا ۔ آخر پر شہداء کوئٹہ اور شہداء کشمیر کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی گئی۔