راولاکوٹ:ایسٹرن بائی پاس کی ناقص تعمیر،متاثرین کامعاوضہ کی عدم ادائیگی کیخلاف احتجاج

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ منگل 25 اکتوبر 2016 17:50

راولاکوٹ(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔آئی پی اے۔25اکتوبر2016ء) :راولاکوٹ شہر کے اہم منصوبے ایسٹرن بائی پاس روڈ کی ناقص تعمیر، سروے تبدیل کیے جانے اور متاثرین کو معاوضہ جات کی عدم ادائیگی کے خلاف ایکشن کمیٹی برائے ایسٹرن بائی پاس روڈ کا کمشنر آفس کے سامنے بھوک ہڑتال و احتجاجی دھرنا، سینکڑوں افراد کی شرکت۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق ایسٹرن بائی پاس کے متاثرین و ایکشن کمیٹی کے ممبرا ن نے سٹی ڈویلپمنٹ پراجیکٹ راولاکوٹ کے زیر انتظام تعمیر ہونیوالی سڑک ایسٹرن بائی پاس روڈ کی ناقص و محدود تعمیر ،سڑک کا بنیادی ڈیزائن و سروے تبدیل کرکے مذکورہ سڑک کو "لنک"روڈ میں تبدیل کیے جانے اور متاثرین کو معاوضہ جات کی عدم ادائیگی کے خلاف منگل کے روز کمشنر آفس کے سامنے بھوک ہڑتال کی اور دھرنا دیا، دھرنے میں ایکشن کمیٹی کے علاوہ کثیر تعداد میں لوگوں نے شرکت کی اس موقع پر احتجاجی دھرنے و بھوک ہڑتال مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے ممبر ایکشن کمیٹی سردار اعجاز صدیقی نے کہا کہ ایسٹرن بائی پاس روڈ راولاکوٹ شہر کے انفراسٹکچر میں بنیادی اہمیت کا حامل منصوبہ ہے جو آر سی ڈی پی کے فیز ون ترجیح ون میں شامل ہے اور مذکورہ سڑک کا ایوارڈ سات سال قبل جاری ہوکر زمینداران نے اپنی زمینیں تعمیراتی کمپنی کے حوالے کردی تھیں لیکن جان بوجھ کر اس منصوبے کو التواء کا شکار کیا گیا اور پی سی ون اور بنیادی ڈیزائن سے ہٹ کر اس منصوبے کو تعمیر کیا جارہا ہے جس سے اس کی حیثیت محض "لنک"روڈ کے رہ گئی ہے، انہوں نے کہا کہ ڈویژنل و ضلعی انتظامیہ آر سی ڈی پی وتعمیراتی کمپنی اگر پانچ دن کے اندر پرانے سروے اور ڈیزائن کے مطابق سڑک کی تعمیر شروع نہیں کرتے اور ناقص تعمیر اور کرپشن کا نوٹس نہیں لیا جاتا تو ذمہ داران کو کڑے احتساب کا سامنا کرنا پڑے گا اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ایکشن کمیٹی کے تحفظات دور نہ کیے گئے تو ذمہ دار ان کو اپنے دفاتر میں نہیں بیٹھنے دیا جائے گا، احتجاجی دھرنے سے ایکشن کمیٹی کے ممبران سردار یونس خان ، سردار کلیم افضل، شارف خان، قیوم صدیق ، سردار خورشید، جنت حسین، وقاراحمد، ساجد صادق ،حاجی ظاہر، سلیم ظہور، عمر بشیر ودیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔

متعلقہ عنوان :