کنٹینر پر تقریریں کرنے اورکرپشن خاتمہ کے دعویداروں نے ایبٹ آباد میں ہونے والی کرپشن پر آنکھیں بند کر لیں

منگل 25 اکتوبر 2016 17:23

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اکتوبر2016ء) تحریک انصاف کے دوہرے معیار کا پول کھل گیا٬ کنٹینر پر تقریریں کرنے والے کرپشن خاتمہ کے دعویداروں نے ایبٹ آباد میں ہونے والی کرپشن پر اپنی آنکھیں بند کر لی ہیں۔ وزیروں اور مشیروں کے منظور نظر ٹھیکیداروں کیلئے کرپشن کرنے پر عام معافی کا اعلان ہے۔ ڈی ایچ کیو ہسپتال میں تزئین و آرائش کا ڈیڑھ کروڑ روپے کا فنڈ کمیشن مافیا کے ہتھے چڑھ گیا ہے٬ شہر کی فرزندی کے دعویدار درجنوں ہاتھوں سے مال بنائو مہم میں مصروف ہیں۔

ایک وزیر بھی حسب روایت مکمل خاموش ہیں٬ ڈی ایچ کیو ہسپتال میں سی اینڈ ڈبلیو کی ملی بھگت سے ہونے والے غیر معیاری کام پر ڈاکٹروں اور الحاق شدہ نجی ٹیچنگ ہسپتال نے بھی کام کو غیر معیاری قرار دیدیا ہے۔

(جاری ہے)

بے نظیر شہید ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال کی تزئین و مرمت کیلئے فراہم کردہ تقریبا ڈیڑھ کروڑ روپے کے فنڈ سے ان دنوں تعمیراتی کام شروع ہے٬ ہسپتال کے سیوریج سسٹم اور 90 باتھ رومز کی تعمیر میں کمیشن مافیا پوری طرح متحرک ہو چکا ہے٬ ہسپتال انتظامیہ اور سی اینڈ ڈبلیو نے گٹھ جوڑ کر کے ڈیڑھ کروڑ روپے کو ٹھکانے لگانے کیلئے حکمت عملی طے کر لی ہے۔

ہسپتال میں ہونے والے تعمیراتی کام کا اندازہ اس بات سے بھی بخوبی لگایا جا سکتا ہے کہ 90 لیٹرینوں کی تعمیر کیلئے ایک درجن سیپٹک ٹینک بنائے جا رہے ہیں٬ وہ اس قدر چھوٹے ہیں کہ ان کے مقابلہ میں گھروں میں صرف ایک یا دو باتھ روموں کیلئے بنائے جانے والے سیپٹک ٹینک بڑے ہوتے ہیں اور ان کے اوور فلو کیلئے ایمرجنسی کے باہر کے نالے کو منتخب کیا گیا ہے۔ تحریک انصاف کے کرپشن کے خاتمہ کے دعویدار سات سمندر پار پانامہ میں ہونے والی کرپشن کے پیسہ سے بنائی جانے والی کمپنیاں تو نظر آ رہی ہیں مگر اپنے صوبہ میں ہونے والی کرپشن سے مکمل طور پر لاعلم ہیں۔

متعلقہ عنوان :