سینئر اور جونیئر ٹیموں کے کھلاڑیوں کے ساتھ کوچز کو اپنی کارکردگی کو بہتر بنانا ہوگی

ایشین چیمپئنز ٹرافی ہاکی ٹورنامنٹ میں بھارتی ٹیم کی جیت بہتر کوچنگ اور حکمت عملی کی وجہ سے ہوئی٬محمد ثقلین

منگل 25 اکتوبر 2016 16:10

لاہور ۔ 25 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اکتوبر2016ء) قومی ہاکی ٹیم کے سابق رکن محمد ثقلین نے کہا ہے کہ قومی سینئر اور جونیئر ہاکی ٹیموں کے کھلاڑیوں کے ساتھ ساتھ کوچز کو اپنی کارکردگی کو بہتر بنانا ہوگی ۔ کوچز کو کافی مواقع مل چکے ہیں اور اگر وہ اچھے رزلٹ نہیں دے سکتے تو انہیں ملکی مفاد کو ترجیح دیتے ہوئے دوسرے کوچز کو موقع دینا چاہئے۔

نیشنل ہاکی سٹیڈیم لاہور میں اے پی پی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ایشین چیمپئنز ٹرافی ہاکی ٹورنامنٹ میں پاکستان اور بھارت کے مابین ہونے والے میچ میں بھارت کی ٹیم کی جیت بہتر کوچنگ اور حکمت عملی کی وجہ سے ہوئی۔ پاکستان کی ٹیم کا دفاع مضبوط نہ تھا جبکہ پنلٹی کارنر کے شعبہ پر بہت کام کرنے کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

پاکستان کے خلاف پہلا گول قومی ہاکی ٹیم کے گول کیپر کی غلطی کی وجہ سے ہوا۔

بھارتی ٹیم کی بہتر کوچنگ کی وجہ سے بھارتی ٹیم نے پنلٹی کارنر سے فائدہ اٹھایا۔ محمد ثقلین نے کہاکہ ملائیشیا کے میچ میں پاکستان کو ابتدا میں برتری حاصل تھی لیکن بارش ہونے کی وجہ سے ملائیشیا نے فائدہ اٹھایا۔ ہمارے کھلاڑی بارش میں اچھا کھیل نہیں پیش کرسکے۔ محمد ثقلین نے کہاکہ پاکستان کی ٹیم اگر ملائیشیا جیسی ٹیموں سے ہارے گی تو پھر یورپی ٹیموں کے خلاف کارکردگی دکھانا مشکل ہے۔

انہوں نے کہاکہ قومی ہاکی ٹیم کی رینکنگ تنزلی کا شکار ہے۔ ہم ورلڈ کپ اور اولمپکس کے سے باہر ہیں اور ہاکی کے عروج کو دوبارہ حاصل کرنے کیلئے بہت زیادہ کام کرنے کی ضرورت ہے۔ قومی ٹیم کی خراب پرفارمنس میں گول کیپنگ٬ پنلٹی کارنر اور دفاع کے کمزور شعبہ نے اہم کردار ادا کیا ہے اور ہم ان تینوں شعبوں میں بہتری لانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہاکہ دنیا میں سب سے زیادہ ہاکی کا ٹیلنٹ پاکستان میں ہے لیکن اس ٹیلنٹ کی صلاحتیوں میں نکھار لانے کیلئے انہیں زیادہ سے زیادہ سہولتیں٬ ٹریننگ کیمپ٬ اچھے کوچز اور مالی استحکام فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔

متعلقہ عنوان :