یاسرشاہ کی تباہ کن بائولنگ٬ پاکستان نے کالی آندھی کو دوسرے ٹیسٹ میں 133 رنز سے ہرا کر سیریز میں 2-0 کی فیصلہ کن برتری حاصل کر لی٬ کالی آندھی 456 رنز کے ہدف کے تعاقب میں دوسری اننگز میں 322 رنز پر ڈھیر٬ بلیک ووڈ 95 رنز بنا کر نمایاں٬ یاسر کی میچ میں 10 وکٹیں٬ یاسر شاہمیچ کے بہترین کھلاڑی قرار

منگل 25 اکتوبر 2016 16:08

ابوظہبی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اکتوبر2016ء) یاسرشاہ کی عمدہ بائولنگ کی بدولت پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو دوسرے کرکٹ ٹیسٹ میچ میں 133 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 2-0 سے فیصلہ کن برتری حاصل کر لی٬ کالی آندھی کی ٹیم میچ کے آخری روز 456 رنز کے ہدف کے تعاقب میں اپنی دوسری اننگز میں 322 رنز بنا کر آئوٹ ہو گئی٬ جرمین بلیک ووڈ کی 95 رنز کی اننگز بھی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکی٬ یاسرشاہ پاکستان کے کامیاب بائولر رہے جنہوں نے میچ میں 10 وکٹیں لیکر ٹیم کی فتح میں کلیدی کردار ادا کیا۔

یاسر شاہ میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ منگل کو ابوظہبی ٹیسٹ کے پانچویں روز ویسٹ انڈین ٹیم نے 171 رنز 4 کھلاڑی آئوٹ پر دوسری ادھوری اننگز دوبارہ شروع کی تو اسے کامیابی کیلئے مزید 285 رنز جبکہ پاکستان کو 6 وکٹیں درکار تھیں٬ جرمین بلیک ووڈ 41 اور روسٹن چیز 17 رنز پر کھیل رہے تھے٬ دن کے دسویں اوور میں یاسر شاہ نے روسٹن چیز کو آئوٹ کر کے ٹیم کو پہلی کامیابی دلائی٬ چیز 20 رنز بنا سکے٬ 244 کے سکور پر کالی آندھی کو اس وقت شدید دھچکا لگا جب بلیک ووڈ جو کہ اچھی مزاحمت کر رہے تھے 95 رنز بنانے کے بعد یاسرشاہ کی گیند پر بولڈ ہو گئے٬ کپتان جیسن ہولڈر 16 رنز بنا کر یاسر کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے٬ 311 کے سکور پر ویسٹ انڈیز کی آٹھویں وکٹ گری جب شائی ہوپ 41 رنز بنانے کے بعد ذوالفقار بابر کی گیند پر یونس خان کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوئے٬ میگل کمنز بغیر کوئی رن بنائے یاسر کی گیند پر بولڈ ہوئے٬ 322 کے سکور پر ویسٹ انڈیز کی آخری وکٹ گری جب بیشو 26 رنز بنا کر ذوالفقار بابر کی گیند کا نشانہ بنے۔

(جاری ہے)

یاسرشاہ نے 6 جبکہ ذوالفقار بابر نے 2 ٬ راحت علی اور محمدنواز نے ایک٬ ایک وکٹ حاصل کی۔ یاسر شاہ میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔

متعلقہ عنوان :