5بار کی گرینڈ سلم فاتح ماریہ شراپووا کا نام عالمی رینکنگ سے منسوخ

ماریہ شراپووا گذشتہ ہفتے تک ورلڈ رینکنگ میں93ویں نمبر پر تھیں٬ نئی رینکنگ کی فہرست سے انکا نام نکال دیا گیا ہے

منگل 25 اکتوبر 2016 12:53

ماسکو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 25 اکتوبر2016ء)روسی ٹینس اسٹار ماریہ شراپووا کا نام عالمی رینکنگ سے باہر نکال دیا گیا٬ ویمنز ٹینس ایسوسی ایشن کی تازہ رینکنگ میں سابق عالمی نمبر ایک کا نام شامل نہیں کیا گیا ۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق انتیس سالہ ماریہ شراپووا جن کی گذشتہ ہفتے تک ورلڈ رینکنگ ترانوے تھی٬ ڈبلیوٹی اے کی جاری کردہ نئی رینکنگ میں فہرست سے باہر ہوگئی ہیں ٬پانچ بار کی گرینڈ سلم چیمپئن ماریہ شراپووا پر ممنوعہ ادویات استعمال کرنے کی پاداش میں چھبیس جنوری کو دو برس کی پابندی عائد کردی گئی تھی۔

ماریہ شراپووا نے اس فیصلے کے خلاف سوئٹزرلینڈ میں کھیلوں کی ثالثی عدالت میں اپیل دائر کی جس نے اس کی سزا کو پندرہ ماہ تک محدود کردیا ٬ لندن اولمپکس کی سلورمیڈلسٹ روسی حسینہ جو ریو اولمپکس میں شرکت سے محروم رہی تھیں اب اگلے برس چھبیس اپریل سے انٹرنیشنل مقابلوں میں حصہ لینے کی اہل ہوں گی ٬ ماریہ شراپووا رواں برس دسمبرمیں فرنچ اوپن چیمپئن اسپین کی گیربین مگوروزا کے خلاف میڈریڈ میں ایک نمائشی میچ میں بھی ایکشن میں نظر آئیں گی ۔