اکیڈمی پی ڈی ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کے فائنل میں ڈس ایبلڈ ٹیم نے انگلینڈ کو 3 وکٹوں سے شکست دے کر ٹورنامنٹ اپنے نام کرلیا

منگل 25 اکتوبر 2016 12:33

دبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 اکتوبر2016ء)انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) اکیڈمی پی ڈی ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کے فائنل میں پاکستان کی ڈس ایبلڈ ٹیم نے انگلینڈ کو 3 وکٹوں سے شکست دے کر ٹورنامنٹ اپنے نام کرلیا۔دبئی اسپورٹس سٹی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں دفاعی چمپئن انگلینڈ کی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 137 رنز بنائے۔

انگلینڈ کی جانب سے جیمی گوڈوین نے سب سے زیادہ 40 رنز بنائے ٬ْپاکستان کی جانب سے نہارعالم نے 2 وکٹیں حاصل کرکے اپنی ٹیم کی جیت میں بنیادی کردار ادا کیا۔

(جاری ہے)

پاکستان نے 138 رنز کا مطلوبہ ہدف 7 وکٹوں کے نقصان پر آخری اوور میں حاصل کرکے 3 وکٹوں سے کامیابی حاصل کرلی۔قومی ٹیم کی جانب سے حسنین عالم نے سب سے زیادہ 39 جبکہ کپتان جہانزیب ٹوانہ نے 29 رنز کی اننگز کھیلی۔

انگلینڈ کے باؤلر ڈین رینالڈو نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔یاد رہے گزشتہ سال بنگلہ دیش میں کھیلے گئے ٹورنامنٹ میں انگلینڈ کی ٹیم نے پاکستان کو فائنل میں زیر کرکے چمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔شیڈول کے مطابق ٹورنامنٹ میں دنیا بھر سے 5 ٹیموں نے حصہ لینا تھا تاہم ہندوستان اور افغانستان کی ٹیمیں پہلے ہی دست بردار ہوئی تھیں۔