قومی جوڈو ٹیم گرینڈ سلام میں شرکت کے لئے کل متحدہ عرب امارات روانہ ہوگی

ْ گرینڈ سلام 27 سے 31 اکتوبر تک متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابوظہبی میں کھیلا جائے گا قومی جوڈو کھلاڑی امینہ طیاڈہ ٹریننگ کے دوران زخمی ہونے کی وجہ سے متحدہ عرب امارات میں ہونے والے گرینڈ سلام سے باہر

منگل 25 اکتوبر 2016 12:29

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 اکتوبر2016ء) گرینڈ سلام میں شرکت کیلئے قومی جوڈو 4 رکنی ٹیم کل بدھ کو متحدہ عرب امارات روانہ ہوگی۔ پاکستان جوڈو فیڈریشن پی جے ایف کے نائب صدر مسعود احمد حان کے مطابق گرینڈ سلام 27 سے 31 اکتوبر تک متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابوظہبی میں کھیلا جائے گا جس میں 4 رکنی ٹیم پاکستان کی نمائندگی کرے گی جن میں3 کھلاڑی اور ایک افیشل شامل ہیں۔

کھلاڑیوں میں ندیم اکبر٬ قیصرخان اور وجاہت سرور شامل ہیں جبکہ افیشل میں کراچی جوڈو ایسوسی ایشن کے صدر عبدالمالک بطور منیجر ٹیم کے ہمراہ ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان جوڈو فیڈریشن (پی جے ایف) کے زیر اہتمام اور پاکستان سپورٹس بورڈ کے تعاون سے گرینڈ سلام کی تیاری کیلئے قومی کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ پاکستان سپورٹس کمپلیکس اسلام آباد میں جاری ہے ٬ْتربیتی کیمپ میں 8کھلاڑی تربیت حاصل کر رہے ہیںاور انہیں کوچ جدید اور اعلی معیار کی تربیت دے رہے ہیں۔

(جاری ہے)

دوسری جانب قومی جوڈو کھلاڑی امینہ طیاڈہ اسلام آباد میں ٹریننگ کے دوران زخمی ہونے کی وجہ سے متحدہ عرب امارات میں ہونے والے گرینڈ سلام سے باہر ہوگئیں۔ پاکستان جوڈو فیڈریشن کے نائب صدر مسعود احمد خان کے مطابق امینہ طیاڈہ کو گرینڈ سلام کے لئے قومی ٹیم میں شامل کیا گیا تھا تاہم پاکستان سپورٹس کمپلیکس اسلام آباد میں ٹریننگ کے دوران ان کے گھٹنے میں زخم کے باعث ایونٹ سے باہر ہوگئی ہیں۔ اب گرینڈ سلام میں چار کھلاڑیوں کے بجائے تین کھلاڑی شرکت کریں گے۔

متعلقہ عنوان :