کرد پیش مرگہ کا بعشیقہ کو گھیرے میں لینے کا دعویٰ

پیر 24 اکتوبر 2016 20:34

بغداد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 اکتوبر2016ء)عراق میں دولتِ اسلامیہ کے آخری گڑھ موصل کی جانب جاری پیش قدمی میں شامل کرد پیشمرگہ کے ایک اعلیٰ کمانڈر کا کہنا ہے کہ انھوں نے موصل کے شمال مشرق میں واقع قصبے بعشیقہ کو مکمل طور پر گھیرے میں لے لیا ہے۔معروف غیر ملکی نشریاتی ادارے کے مطابق کرد جنگجوؤں کا کہنا ہے کہ انھوں نے بعشیقہ کی جانب جانے والے تمام راستوں پر قبضہ کر لیا ہے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب عراقی حکومت نے بعشیقہ کے لیے جاری لڑائی میں ترکی کی شمولیت کے دعوؤں کو مسترد کر دیا ہے۔بعشیقہ موصل کی جانب نقل و حرکت کے لیے استعمال کی جانے والی اہم شاہراہ پر واقع ہے اور اتوار کے روز بعض ایسی اطلاعات موصول ہوئی تھیں کہ کرد فورسز بعیشقہ میں داخل ہوگئی ہیں۔کرد پیشمرگہ کے کمانڈروں کا کہنا ہے کہ انھوں نے دولتِ اسلامیہ کے زیرِ قبضہ علاقوں میں بڑے پیمانے پر پیش قدمی کی ہے اور ہائی وے کا ایک بڑا حصہ آزاد کروا لیا ہے جس کی وجہ سے دولتِ اسلامیہ کی نقل و حرکت محدود ہو گئی ہے۔