اوپن یونیورسٹی کی لائبریریاں ہفتے کے سات دن صبح 8 تاشام 7 بجے کھلی رہیں گی٬وائس چانسلر

پیر 24 اکتوبر 2016 16:09

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اکتوبر2016ء) نوجوان نسل میں ’’بک ریڈنگ‘‘ کی عادت ڈالنے اور علم دوست معاشرے کے قیام کے لئے علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے مین کیمپس کی مرکزی لائبریری سمیت ملک کے 44 بڑے شہروں میں قائم علاقائی دفاتر کی لائبریریاں ہفتے کے سات دن صبح 8 بجے سے شام 7 بجے تک کھلی رہیں گی۔ ان خیالات کا اظہار یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شاہد صدیقی نے یونیورسٹی کے 44 علاقائی دفاتر سے لائبریرینز کی دو روزہ پروفیشنل ڈویلپمنٹ کی تربیتی ورکشاپ کے اختتامی اجلاس سے خطاب میں کیا۔

انہوں نے کہا کہ کتاب کلچر کے فروغ کے لئے یونیورسٹی کے ملک بھر میں قائم 44 علاقائی دفاتر کی لائبریریوں کو فعال اورجدید ترین سہولتوں سے آراستہ کردیا گیا ہے اوران تمام ریجنل لائبریریوں کو یونیورسٹی کی مرکزی لائبریری اور ایچ ای سی کی ڈیجیٹل لائبریری کے ساتھ منسلک بھی کردیا گیا ہے جس سے طلبہ و طالبات کو یونیورسٹی اور ایچ ای سی کی لائبریریوں میں موجود کتابوں‘ مقالوں اور دیگر درسی کتب تک رسائی حاصل ہوچکی ہے۔

(جاری ہے)

ان تمام سہولتوں سے دیگر تعلیمی اداروں کے طلبہ و طالبات بھی استفادہ کرسکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ 28 دفاتر کی لائبریریوں میں معذور افراد کے لئے ’’ای لرننگ /ایکسسیبلٹی سینٹرز‘‘ قائم کر دئیے گئے ہیں اور باقی 16 دفاتر میں سینٹرز کی تکمیل آئندہ ماہ کے دوران ہو جائے گی۔