اب پوری توجہ ملکی مسائل پر ہے٬ ہلیری

پیر 24 اکتوبر 2016 14:57

واشنگٹن ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اکتوبر2016ء) ڈیموکریٹ پارٹی کی صدارتی امیدوار ہلیری کلنٹن نے واضح کیا ہے کہ ان کی توجہ اب ڈونلڈ ٹرمپ کی بجائے ملکی مسائل پر ہے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق مختلف ریلیوں سے خطاب میں ہلیری کلنٹن نے کہا کہ انھیں اب پروا نہیں کہ ان کے حریف ری پبلکن پارٹی کے ڈونلڈ ٹرمپ کیا کہتے ہیں بلکہ ان کی توجہ مسائل پر مرکوز ہوگی۔

ہلیری نے ٹرمپ کے ساتھ سخت جملوں کے تبادلے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ میں نے ان کے ساتھ ساڑھے 4 گھنٹے بحث کی ہے۔ میں اب ان کی باتوں کا جواب دینے کے بارے میں سوچتی بھی نہیں ہوں۔ادھر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک مرتبہ پھر اس بات کی جانب اشارہ کیا کہ جیسے ہی صدراتی انتخاب کے لیے جاری ان کی مہم کا اختتام ہوگا وہ ان تمام خواتین کے خلاف مقدمہ کریں گے۔

(جاری ہے)

جنھوں نے ان پر جنسی طور پر ہراساں کرنے یا غیر مناسب رویے کا الزام لگایا ہے۔

ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ان پر الزام لگانے والوں کے خلاف مقدمہ کرنے بارے میں جب ہلیری سے پوچھا گیا٬ تو ان کا کہنا تھا کہ ان کی توجہ اب دیگر ڈیموکریٹس کے انتخاب کی جانب ہے۔ ٹرمپ جو چاہیں کہہ سکتے ہیں۔ وہ اپنی مہم اپنی مرضی کے مطابق چلا سکتے ہیں۔دوسری جانب ایک امریکی نشریاتی ادارے کے سروے کے مطابق ہلیری کلنٹن کو 50فیصد٬ جبکہ ٹرمپ کو 38فیصد عوامی حمایت حاصل ہے۔