موصل پر قبضے کے لیے جنگ جاری- داعش کے علاقوں میں بڑے پیمانے پر پیش قدمی‘ ہائی وے کا بڑا حصہ آزاد کروا لیا ‘ جس کی وجہ سے دولتِ اسلامیہ کی نقل و حرکت محدود ہو گئی ہے۔کرد پیش مرگہ کمانڈر

Umer Jamshaid عمر جمشید پیر 24 اکتوبر 2016 13:58

بغداد(اٴْردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔24اکتوبر۔2016ء ) کرد فورسز نے شمالی عراق کے علاقوں میں داعش کے خلاف تازہ حملے کیے ہیں تاکہ موصل کے قریبی قصبے بعشقیہ پر قبضہ حاصل کیا جا سکے۔کرد پیش مرگہ کمانڈرز کا کہنا ہے کہ انھوں نے دولتِ اسلامیہ کے زیرِ قبضہ علاقوں میں بڑے پیمانے پر پیش قدمی کی ہے اور ہائی وے کا ایک بڑا حصہ آزاد کروا لیا ہے جس کی وجہ سے دولتِ اسلامیہ کی نقل و حرکت محدود ہو گئی ہے۔

ترکی نے بھی دولتِ اسلامیہ کے خلاف کارروائی میں شمولیت اختیار کی ہے جس کے بعد اس نے بعشقیہ میں جہادیوں کے ٹھکانوں پر بمباری کی۔اس سے پہلے عراقی وزیرِ اعظم نے ترکی کی جانب سے مداخلت کی پیش کش مسترد کر دی تھی۔کرد جنگجوؤں نے آٹھ دیہاتوں کا گھیراؤ کر کے دولتِ اسلامیہ کے درجنوں عسکریت پسندوں کو ہلاک کیا جس کی وجہ سے موصل کے لیے دولتِ اسلامیہ کی رسد کی صلاحیت کو ختم کر دیا۔

(جاری ہے)

عراق میں امریکہ کے اعلیٰ کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل سٹیفن ٹاؤنسینڈ نے صحافیوں کو بتایا کہ کو بعشقیہ میں کی گئی کارروائی میں قابلِ ذکر کامیابی حاصل ہوئی ہے۔تاہم انھوں نے خبردار کیا کہ مجھے تاحال ایسی کوئی اطلاع نہیں ملی کہ یہاں ہر گھر سے داعش کا جنگجو ختم کر دیا گیا ہے اور سڑک کنارے لگا ہر بم ناکارہ بنا دیا گیا ہے۔تاحال صحافیوں کو علاقے میں جانے کی اجازت نہیں دی گئی۔

ایک حالیہ ویڈیومیں قریبی دیہات سے لیے گئے مناظر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بعشقیہ سے دھوئیں کے بادل اٹھ رہے ہیں۔ کرد جنگجوؤں نے لڑائی کے دوران مارٹر گولوں اور مشین گنوں کا استعمال کیا۔اتحادی افواج موصل میں دولتِ اسلامیہ کو مسلسل پیچھے دھکیل رہی ہیں۔ پیش مرگہ کے کمانڈرز کا کہنا ہے کہ انھوں نے نو کلو میٹر تک پیش قدمی کی ہے۔ترک فوج نے بھی عسکریت پسندوں کے خلاف ہتھیاروں کا استعمال کیا۔

ترکی کا کہنا ہے کہ کرد جنگجوؤں نے ان سے مدد طلب کی تھی۔ترک وزیر اعظم نے ٹیلی وژن پر کہا تھا کہ 'بعشقیہ کے علاقے کو دولتِ اسلامیہ سے پاک کرنے کے لیے پیش مرگہ کو حرکت دی گئی ہے۔انھوں نے ہمارے فوجیوں سے مدد کے لیے کہا اس لیے ہم انہیں گولہ بارود فراہم کر رہے ہیں۔بعشقیہ اس فوجی اڈے کے قریب واقع ہے جہاں ترک فوجی سنی مسلمان جنگجوؤں کی تربیت کرتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :