چین کی کامیابی کا سہرا سی پی سی اور قیادت کے سر ہے

پارٹی میں نگرانی کے نظام کو بہتر بنا کر چین اپنے خوابوں کی تعبیر حاصل کر سکتا ہے کرپشن اور بد عنوانی کیخلاف مہم میں دس لاکھ افراد کو سرائیں دی گئیں ٬سرکاری ذرائع

پیر 24 اکتوبر 2016 12:56

بیجنگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 24 اکتوبر2016ء) چین کی کامیابی کا سہرا چین کی کمیونسٹ پارٹی (سی پی سی) اور اس کی قیادت کو جاتا ہے جس نے تمام قومی امور میں زبردست دلچسپی کا مظاہرہ کیا اور ملک اور عوام کے مفاد کو پیش نظر رکھا ٬ چین کی قیادت ہر طر ح کی رہنمائی اور جذبہ پارٹی سے حاصل کرتی ہے اور اس کے مطابق ہی ملک کا انتظام چلاتی ہے ٬ اس سلسلے میں پارٹی پالیسیوں کا جائزہ لینے کیلئے سی پی سی کی مرکزی کمیٹی کا 18واں اجلاس گذشتہ روز بیجنگ میں شروع ہو گیا ٬ اجلاس 27اکتوبر تک جاری رہے گا ۔

سرکای ذرائع کے مطابق مرکزی کمیٹی پارٹی کے اندر سیاسی اور نگرانی کے معاملات کو خاص طورپر دیکھے گی۔اجلاس میں سی پی سی کے طرز حکومت کے بارے میں اہم معاملات پر بھی بات چیت کی جائے گی تا کہ پارٹی کی تعمیر نو کیلئے منصوبہ بندی کی جاسکے ٬ پارٹی اور اس کے معاملات کو بہتر بنا کر چین درپیش چیلنجز کا مقابلہ اور اسی ذریعے سے وہ مشکلات پر قابو پا کر اپنے 200سالہ مقاصد کو حاصل کر سکتا ہے اور اسی طرح وہ چین کی قومی یکجہتی کے خواب کو تعبیر میں بدل سکتا ہے ۔

(جاری ہے)

سی پی سی کی قومی کانگریس نے 2012ء میں منعقد ہونیوالے 18ویں اجلاس میں پارٹی کے اندر نظم و ضبط پر سختی سے کاربند رہنے کا عزم کیا تھا اور اس سلسلے میں بیوروکریسی اور بدعنوانی کیخلاف آٹھ نکاتی رہنما اصول طے کئے تھے جن کا مقصد مرکزی اور مقامی حکومتوں کی نگرانی کرنا تھا ٬ ان اصولوں کے تحت عوام اور سرکاری حکام کے درمیان پیدا ہونیوالے خلا کو پر کرنے کیلئے ایک مہم کا بھی آغاز کیا گیا تھا جو 2013ء سے ستمبر 2013تک جا ری رہی ٬ اس سلسلے میں انسپکٹروں نے دس لاکھ سے زیادہ مقدمات درج کئے تھے جبکہ ایک لاکھ سے زیادہ افراد کو سزائیں دی گئی تھیں ۔

سرکاری ذرائع نے مزید بتایا ہے کہ ان اقدامات کے ذریعے پارٹی اور حکومت کے کام کرنے کے طریقہ کار کو جدید بنا دیا گیا ہے جس سے عوام کا اعتماد بحال ہو گیا ہے کیونکہ ایسا کرنا حکومت اور اس کے معاملات کیلئے ضروری ہے ۔ ٹی وی کے حالیہ پروگرام میں کرپشن اور بدعنوانی کیخلاف چینی حکومت کی کامیابیوں کو واضح کیا گیا ہے ٬ اس پروگرام سے ظاہر ہوتا ہے کہ چین ہمیشہ صاف ستھری حکومت کیلئے کرپشن اور بدعنوانی کیخلاف جدوجہد جاری رکھے گا ٬ اس لئے سی پی سی کو پارٹی کے اندر پیدا ہونیوالے مسائل کو حل کرنا چاہئے اور اپنے نظام کو صاف ستھرا بنانا چاہئے اور پارٹی ارکان کو اپنی صلاحیتوں کو بہتر بنانا چاہئے تا کہ حکومت کرتے ہوئے پارٹی بہتر طورپر کام کرسکے ۔

سی پی سی کے ممبران کیلئے بنیادی شرائط طے کر دی گئی ہیں جن میں واقعات سے سچ کی تلاش کرنا ٬ نظریات اور عمل کے درمیان کام کرنا اور عوام کے ساتھ قریبی رابطہ برقراررکھنا ہے ٬ نیز سی پی سی کے ارکان کو اپنا احتساب بھی کرنا چاہئے تاکہ وہ جمہوری مرکزیت اور پارٹی ڈسپلن کا صحیح جائزہ لے سکیں ۔حالیہ اجلاس کے دوران کمیٹی پارٹی کے اندر نگرانی کے قواعدو ضوابط پر بھی نظر ثانی کرے گی تا کہ نگرانی کے نظام کو سائنسی بنیادوں پر اور زیادہ موثر بنایا جا سکے کیونکہ پارٹی کے اندر نگرانی کا نظام بہتر بنانا ٬مارکسٹ سیاسی پارٹی کی ضرورت ہے کیونکہ پارٹی کے اندر نگرانی حکومت کے دوسرے شعبوں میں نتائج پیدا کرے گی اور اس سے پارٹی کی حکومت کیلئے ایک ٹھوس ضمانت حاصل ہو جائے گی ۔

متعلقہ عنوان :