داعش کو جتنا نہتااورتنہا کیاجائیگااتنی جلدی کامیابی ملے گی٬امریکا

شام اورعراق میں داعش کے خلاف بیک وقت آپریشن کرکے جلد شکست دے سکتے ہیں٬امریکی وزیردفاع

پیر 24 اکتوبر 2016 12:48

اربیل (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 اکتوبر2016ء) امریکی وزیر دفاع آشٹن کارٹن نے داعش داعش کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کے لیے شام کے الرقہ شہر میں بھی داعش کو تنہا کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق عراق کے صوبہ کردستان کے صوبائی دارالحکومت اربیل پہنچنے پر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے امریکی وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ داعش کو جتنا تنہا اور نہتا کیا جائے گا دہشت گردوں کے خلاف جاری آپریشن اتنا جلد اپنے انجام کو پہنچے گا۔

انہوں نے کہا کہ عراق کے شمالی شہر موصل میں داعش کے گڑھ میں فوجی کارروائی کامیابی سے آگے بڑھ رہی ہے۔ اس آپریشن کے ساتھ ساتھ داعش کے دوسرے اہم ترین مرکز شام الرقہ شہر میں بھی شدت پسند گروپ کو تنہا کرنے کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

آشٹن کارٹر کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کے خلاف کارروائی آگے بڑھانے کے لیے شام کے الرقہ شہر میں بھی داعش کو جلد ازجلد تنہا کرنے کے سوا کوئی چارہ نہیں ہے۔

امریکی وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ شام میں ہمارے اتحادی داعش کو تنہا کرنے کے لیے اقدامات کرسکتے ہیں۔ ہم عراق میں موصل کے معرکے کے ساتھ ساتھ شام میں الرقہ میں داعش کے مرکز میں بھی فوجی کارروائی کرسکتے ہیں۔ اگر ان دونوں مراکز میں داعش کے خلاف ایک ہی وقت میں فوجی آپریشن شروع کیا جائے تو اس کے نتیجے میں ہم داعش کو جلد شکست دے سکیں گے۔ایک سوال کے جواب میں کارٹر کا کہنا تھا کہ موصل اور الرقہ میں ایک ساتھ فوجی آپریشن ہمارے طویل المیعاد منصوبوں میں سے ایک تھا۔

متعلقہ عنوان :