مادر جمہوریت نصرت بھٹو کی 5 ویں برسی آزاد کشمیر بھر میں عقیدت و احترام سے منائی گئی

دربارعالیہ سخی سہیلی سرکارؒ ‘مساجداورپارٹی عہدیداروں ٬کارکنوںکی رہائش گاہوںپر قرآن خوانی و فاتحہ خوانی کی گئی

اتوار 23 اکتوبر 2016 15:17

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 23 اکتوبر2016ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے بانی چئیرمین ٬ملک کے پہلے منتخب وزیراعظم قائدعوام شہیدذوالفقارعلی بھٹو کی شریک حیات دخترمشرق محترمہ بے نظیر بھٹو کی والدہ ماجدہ ٬پارٹی کے جواںسال چیئرمین بلاول بھٹوزرداری کی نانی محترمہ مادرجمہوریت محترمہ نصرت بھٹو کی پانچویں برسی چاروںصوبوں کی طرح آزادکشمیربھرمیں انتہائی عقیدت و احترام اور نظریاتی تجدیدعہدکے ساتھ مناتے ہوئے ان کی قومی ٬عالمی خدمات کو ذبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا گیا۔

محترمہ نصرت بھٹو کی برسی کے موقع پر دارالحکومت مظفرآبادسمیت تمام اضلاع میں دعائیہ تقریبات کاانعقادکیاگیا۔مظفرآباد میں دربارعالیہ سخی سہیلی سرکارؒ اورمساجدشریف اورپارٹی عہدیداروں ٬کارکنوںکی رہائش گاہوںپر قرآن خوانی و فاتحہ خوانی کااہتمام کرکے شہدائے جمہوریت کے ارواح کو ایصال ثواب کیاگیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے پیپلزپارٹی آزادکشمیرکے مرکزی میڈیاایڈوائزرشوکت جاوید نے کہاکہ تاریخ عالم گواہ ہے کہ ہر کامیاب مرد کے پیچھے ایک مخلص اورصاحب بصیرت خاتون کی صبرآزما جدوجہدہوتی ہے اور ذوالفقارعلی بھٹو شہید کی آسمان سیاست کو چھونے والی بلندیوںسمیت دنیاکے ہر فورم میں لیڈنگ سٹار کرداراداکرنے کے لئے محترمہ نصرت بھٹو شہیدکا اسی طرح ساتھ میسررہا جس طرح بانی پاکستان قائداعظم محمدعلی جناح ؒ کو اپنی ہمشیرہ مادرملت محترمہ فاطمہ جناح ؒ کا ساتھ میسررہا۔

تاریخ میں ایسے کرداردنیابھرکی باوقارقوموں کے لئے رول ماڈ ل کی حیثیت رکھتے ہیں٬محترمہ نصرت بھٹو نے آمرڈکٹیٹر ضیاء الحق کے گیارہ سالہ طویل مارشل لاء کا مقابلہ کیا‘قیدوبندکی صعوبتیں برداشت کیں اوربدنام زمانہ مقدمہ قتل میں تیسری دنیاکے انقلابی لیڈرذوالفقارعلی بھٹو کی قانونی معاونت کے لئے انتہک اورقابل تقلیدجدوجہد اپنی مثال آپ ہے۔

قذافی سٹیڈیم لاہورمیں ریاستی مشنری اور حکومتی وسائل کا بے دریغ استعمال کرتے ہوئے محترمہ نصرت بھٹوکا سرپھاڑ کر لہولہان کرکے چادر اور چاردیواری کے تقدس کو پامال کیاگیالیکن وہ اپنی بہادر بیٹی محترمہ بے نظیر بھٹو شہید اور لاتعداد نظریاتی جانثاروں کے ساتھ مل کر جمہوریت کی بحالی ٬آئین و قانون کی حکمرانی٬مضبوط وفاق ٬صوبائی تعصب کے خلاف انقلابی تحریک کی قیادت کرتے ہوئے سرخروہوئیں اور سامراجی قوتوں نے انہیں اپنے عالمی شہرت یافتہ ترقی پسندروشن خیال لیڈرذوالفقارعلی بھٹو سمیت دو جواں بیٹے میر شاہنوازبھٹو اور میرمرتضیٰ بھٹوکے لاشے تھمادئے٬لیکن ان کی ملک و قوم کے ساتھ مخلصانہ وابستگی میں کوئی لغزش نہیں آئی۔

شوکت جاویدنے کہاکہ آج اسی قافلے کارہبر و رہنما شہیدوںکا وارث بلاول بھٹو زرداری ہے پاکستان کو اندورونی و بیرونی خطرات سے نکالنے کے لئے بلاول بھٹو زرداری کی قیادت ناگزیرہے۔دہشتگردی٬انتہاء پسندی کا خاتمہ ٬مقبوضة کشمیر کی آزادی ٬ناقابل تسخیردفاع ٬دنیابھرمیں پاکستان کا کھویاہوا مقام بحال کرنے کے لئے 2018ء کے عام انتخابات میں پیپلزپارٹی اپنی جاندارپالیسیوںاور ماضی کی غلطیوںکا ازالہ کرتے ہوئے واضح کامیابی حاصل کرے گی اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری پاکستان کی ہی نہیں دنیاکے کم عمر ترین وزیراعظم بن کرعالمی ریکارڈ مرتب کریںگے۔

برسی کے موقع پر شہدائے کشمیر ٬شہدائے افواج پاکستان کے لئے بھی خصوصی فاتحہ خوانی اور اآپریشن ضرب عضب کی کامیابی کے لئے بھی دعاکی گئی۔