زنگیا پاک چائنہ فرینڈ شپ کارریلی کا حیدرآباد پہنچنے پر فقید المثال استقبال

رکنی وفد جو کہ 36 میں سوار تھے جن پر پاکستان اور چینی پرچم لہرا رہے تھے سی پیک منصوبہ جس میں پاک چائنہ اشترا ک شامل ہیں پاکستان کی معیشت اور ترقی میں بنیادی کردار ادا کرے گا٬ ٹیم لیڈر کا خطاب

ہفتہ 22 اکتوبر 2016 21:03

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 اکتوبر2016ء) زنگیا پاک چائنہ فرینڈ شپ کارریلی کا حیدرآباد پہنچنے پر فقید المثال استقبال کیاگیا ۔ 65 رکنی وفد جو کہ 36 میں سوار تھے جن پر پاکستان اور چینی پرچم لہرا رہے تھے ۔ اس موقع پر وفد کے ٹیم لیڈر لی پھنگ رونگ نے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سی پیک منصوبہ جس میں پاک چائنہ اشترا ک شامل ہیں پاکستان کی معیشت اور ترقی میں بنیادی کردار ادا کرے گا اور پاکستان کا رابطہ بین القوامی مارکیٹ کے ساتھ مزید مستحکم ہو گا ۔

انہوں نے کہا کہ پاک چین دوستی اب اپنی انتہا کو پہنچ گئی ہے اور 70 سال پر محیط اب ہمالیہ کی چوٹی بھی کراس کر چکی ہے اوریہ بتدریج مستحکم ہو گی اور دنیا اس دوستی کی مثالیں دے گی ۔اس موقع پر میڈیا سے باتیں کرتے ہوئے انہو ں نے کہا کہ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے لیے چین نے ہمیشہ ایک بہترین دوست کا کردار ادا کیا ہے جس کا واضح ثبوت سی پیک منصوبہ ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کے چین کے صوبے زنگ جیان سے شروع ہونے والی یہ ریلی گلگت بلتستان ٬ پنجاب سے ہوتی ہوئی سندھ پہنچی ہے اور یہ سفر ان کے لیے نا صرف تاریخی بلکہ یاد گار ثابت ہوا ہے جس کی یادیں یہ وفد مدتوں فراموش نہیں کر پائے گا اور بالخصوص سندھ کی مہمان نوازی اور لوگوں کی محبت ان کے لیے ایک اثاثہ رہے گی ۔ وفد کے حیدرآباد بائے پاس پہنچنے پر پاکستان اور چین کے پرچم اور پاک چین دوستی زندہ باد کے نعروں سے ان کا والہانہ استقبال کیاگیا وفد کا میئر حیدرآبادسید طیب حسین ٬ کمشنر حیدرآباد قاضی شاہد پرویز ٬ ڈپٹی کمشنر حیدرآباد معتصم عباسی نے پرتپاک استقبال کیا۔

اس موقع پر ریلی کے شرکا کو سندھ کا روایتی تحائف سندھی ٹوپی اور اجرکیں پیش کی گئیں خواتین کو چوڑیاں اور اجرکیں پیش کی گئی ۔ قبل ازیں ریلی کی آمد پر طلبہ و طالبات نے ریلی کے شرکا پر گل پاشی کی اور پاک چین دوستی کے نعرے بھی بلند کیے لوگوں نے اپنے ہاتھوں میں پاکستان اور چینی پرچم اٹھائے ہوئے تھے جبکہ شہریوں نے ریلی کے چینی باشندوں سے ہاتھ ملا کر اپنے پیار اور محبت کا اظہار کیا ۔

جبکہ اس موقع پر پاکستان اور چینی قومی ترانہ پیش کیاگیا ۔ تقریب میں موجود مختلف مکاتب فکر کے افراد نے سی پیک منصوبے کو پاکستان کے لیے معاشی انقلاب قرار دیا ۔ اس موقع پر تعلقہ قاسم آباد کے نو منتخب چیرمین کاشف شورو ٬عبدالجبار خان دیگر علاوہ دیگر سرکاری افسران سول سوسائٹی کے نمایندے ٬ معززین شہر اور طلبہ و طالبات موجود تھے ۔

متعلقہ عنوان :