ْ پاک چین تعلقات دنیا بھر میں اپنی نظیر آپ ہیں۔ دونوں ممالک فطری اتحادی ہیں ٬گورنر سندھ

چین کے سرمایہ کار توانائی ٬ زراعت ٬ انفرااسٹرکچر ٬ ونڈ پاور پروجیکٹ سمیت دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کیلئے دلچسپی رکھتے ہیں٬چینی سرمایہ کاروں کے وفد سے گفتگو

ہفتہ 22 اکتوبر 2016 17:27

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اکتوبر2016ء) گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا ہے کہ پاک چین تعلقات دنیا بھر میں اپنی نظیر آپ ہیں دونوں ممالک ایکدوسرے کے فطری اتحادی ہیں ٬ چین نے تمام مشکل مراحل میں پاکستان کی سیاسی ٬ اخلاقی و سماجی حمایت کی ٬ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ دو طرفہ تعلقات کی بے مثل نظیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی پورے ملک کے کل ریونیو کا 60 سے 70 فیصد فراہم کررہا ہے اس شہر میں بے پناہ استعداد ہے یہ بات نہایت خوش آئند ہے کہ چین کے سرمایہ کار صوبہ میں توانائی ٬ زراعت ٬ انفرااسٹرکچر ٬ ونڈ پاور پروجیکٹ سمیت دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کے لئے بھرپور دلچسپی رکھتے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان سے توانائی بحران خاتمہ کے لئے چین کا تعاون انتہائی اہمیت کا حامل ہے اس ضمن میں چینی سرمایہ کار بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کررہے ہیں ٬ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ میں ہونے والی سرمایہ کاری میں 32 بلین ڈالر توانائی کے منصوبوں پرخرچ ہو نگے ٬ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ کی تکمیل کے لئے بھرپور سیکورٹی فراہم کی جارہی ہے اس ضمن میں پاک فوج خود حفاظت پر معمور ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ملک سے توانائی بحران کے خاتمہ کیلئے وفاقی حکومت نے بڑے پیمانے پر توانائی منصوبے شروع کئے ہیں جن کی تکمیل کے بعد انشااللہ 2018 ء تک نہ صرف ملک سے توانائی بحران کا خاتمہ یقینی ہے بلکہ ہم اپنی طلب سے زائد توانائی حاصل کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے انہوں نے کہا کہ چین کے سرمایہ کار صوبہ سندھ با الخصوص ملک کے اقتصادی حب کراچی کی استعدا د کا بھرپور فائدہ حاصل کریں اس ضمن میں توانائی ٬ انفرااسٹرکچر ٬ ڈیویلپمنٹ ٬ زراعت اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کریں٬ انہوں نے جھمپیر کے قریب ونڈ انرجی منصوبے کا خصوصی طور پر تزکرہ کیا ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے چین کے سرمایہ کاروں کے ایک وفد سے گورنر ہائوس میں ملاقات میں کیا ۔ ملاقات کرنے والوں میں توانائی ٬ انجینئرنگ سمیت سچوان Sichuan صوبے کے سرمایہ کاروں کے علاوہ بیجنگ سے قانونی ماہرین اور افسران سمیت دیگر بھی شریک تھے۔گورنر سندھ نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ کی تکمیل سے دونوں ممالک کے تعلقات مزید مستحکم ہو نگے تاریخ ساز منصوبہ پاکستان میں ترقی و خوشحالی کی ضمانت ہے ۔

اس موقع پر وفد نے گورنر سندھ کو بتایا کہ آپریشن ضرب عضب کے بعد صوبہ سمیت پورے ملک میں امن و امان قائم ہو رہاہے کیونکہ امن و امان کا قیام خوشحالی کی ضمانت ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ چین کے سرمایہ کار صوبہ میں توانائی ٬ زراعت ٬ انفرااسٹرکچر ٬ ونڈ پا ور پروجیکٹ سمیت دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کے لئے بھرپور دلچسپی لے رہے ہیں ۔ گورنر سندھ نے وفد کو یقین دلایا کہ سرمایہ کاروں کو بھرپور سہولیات فراہم کی جائے گی اس ضمن میں میرا دفتر ہر وقت کھلا ہے جس پر وفد نے گورنر سندھ کا شکریہ اد اکیا۔

متعلقہ عنوان :