ڈی جی ریسکیوپنجاب ڈاکٹر رضوان نصیر کی تمام ضلعی ایمرجنسی افسران کو سروس کا معیار بہتر بنانے کی ہدایت

حکومتِ پنجاب نے ایمبولینسز کی تبدیلی کی منظوری دے دی ہے ‘ ڈاکٹر رضوان نصیر کا تمام ضلعی ایمرجنسی افسران سے خطاب

ہفتہ 22 اکتوبر 2016 16:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اکتوبر2016ء) ڈائریکٹر جنرل پنجاب ایمرجنسی سروس(ریسکیو 1122 ) ڈاکٹر رضوان نصیر نے تمام ضلعی ایمرجنسی افسران سے خطاب کرتے ہوئے سروس کے معیار کو بہتر بنانے کی ہدایت کردی ۔گذشتہ روز ریسکیو ہیڈکوارٹرز میں ضلعی ایمرجنسی افسران سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سروس کو دوبارہ جوائن کرنے کا فیصلہ انہوں نے سابق ضلعی ایمرجنسی آفیسر نارووال ڈاکٹر منور علی شہید کی ا چانک موت٬ آپریشنل اور ایڈمنسٹریشن کے مسائل پیداہونے کے بعد کیا ۔

یہ وہ مسائل تھے جن کی وجہ سے انہوں نے سروس کو دوبارہ جوائن کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایک محکمہ قائم کرنا بہت مشکل کام ہے مگر سب سے مشکل اس محکمہ کے معیار کو قائم رکھنا ہے۔ اس لیے ہم نے مل کر سروس کے معیار کو قائم رکھنا ہے اور لوگوں میں احساسِ تحفظ پیدا کرنا ہے۔

(جاری ہے)

ڈائریکٹر جنرل نے مزید کہا کہ ہم نے اپنی ترجیحات بنانی ہیں اور ہماری پہلی ترجیح کارکردگی ہے۔

انہوں نے تمام ضلعی ایمرجنسی افسران سے کہا کہ وہ خود کو جسمانی طور پر فٹ رکھیں کیونکہ جب ایک ضلعی ایمرجنسی افسر فٹ ہوگا تو ہی وہ اپنے سٹاف کو بہتر انداز میں کمانڈ کرسکے گااور اپنے سٹاف کو ایمانداری سے فرائض سرانجام دینے کا حکم دے سکے گا۔ انہوں نے افسران سے کہا کہ وہ اپنے ضلع کے لئے رول ماڈ ل کا کردار ادا کریں کیونکہ کہ منیجمنٹ کابنیادی عنصر ہے۔

اس موقع پر نئے تعینات ہونے والے ضلعی ایمرجنسی افسر لاہور ایاز اسلم کی تعریف کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایاز نے ضلع گوجرانوالہ میں ریکارڈ سے لے کر تمام چیزوں کو بہتر اور منظم انداز میں چلایا۔ اسی طرح ننانوے فیصد افسران اور آفیشل بہتر انداز میں کام کررہے ہیں ۔ انہوں نے ضلعی افسران پر زور دیا کہ وہ اپنے سٹاف سے مشورہ کریں٬ ان کے ساتھ فیلڈ میں عملی طور پر کام کریں۔

انہوں نے کہا کہ آپ ڈسٹرکٹ کمانڈرز ہیں اور ضلع کو آپ نے لیڈ کرنا ہے اسی لیے ضلع میں آپریشنل اور منیجمنٹ کے تمام معاملات کے آپ ذمہ دار ہیں۔ ڈاکٹر رضوان نصیر نے مزید کہا کہ بہت جلد قریباًً تمام اضلاع نئی ایمبولیسنز مہیا کی جائیں گی کیونکہ حکومت پنجاب نے نئی ایمبولینسز کی منظور ی دے دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سال کے آخر تک ریسکیو کے سروس سٹرکچر کے منظور ہونے کی بھی امید ہے جبکہ کنٹریکٹ پر ملازمین کو بھی ریگولرائزیشن کی جلد خوشخبری ملے گی۔

اس موقع پر انہوں نے پنجاب میں رضاکار سروس شروع کرنے کا بھی اعلان کیا۔ ڈائریکٹر جنرل نے کہا کہ ہر فرد کو چاہے وہ ضلعی افسر ہے یا سٹاف میں ہے اُسے بہتری کا ایک موقع ضرور دیا جائے گا۔ اگر وہ پھر بھی خود کو بہتر نہیں کرتا تو پھر اس کے خلاف قانونی چارہ جوئی کی جائے گی۔ انہوں نے ڈپٹی ڈائریکٹر فنانس کو حکم دیا کہ وہ ضلعی ایمرجنسی افسران اور سٹاف کے الائونسز کے معاملات کو بہت جلد حل کریں کیونکہ ہم نے ریسکیو افسران اور سٹاف کو سہولیات مہیا کرنی ہیں۔

متعلقہ عنوان :