تبدیلی کی دھمکیاں دینا جمہوریت نہیں٬2 نومبر کو اسلام آباد بند نہیں ہو گا پی ٹی آئی بند ہوجائیگی٬پاکستان میں جمہوری نظام ہے اور تبدیلی کا واحد راستہ بیلٹ ہے ٬ کسی کے پاس کوئی حق نہیں کہ وہ اسلام آباد کو بند کرے٬ یہ جمہوریت نہیں فسطائیت ہے٬ پانامہ کیس کی سماعت سپریم کورٹ میں ہو رہی ہے٬ احتجاج مرضی کے فیصلے حاصل کرنے کیلئے ہے٬ پاکستان کی عوام ترقی امن اور استحکام چاہتے ہیں انہیں اس طرح کے احتجاج میں کوئی دلچسپی نہیں٬ وفاقی وزیر منصوبہ بندی ٬ترقی و اصلاحات پروفیسر احسن اقبال کاجی سی لاہور میںلیپ ٹاپ تقریب سے خطاب اور میڈیا سے بات چیت

ہفتہ 22 اکتوبر 2016 14:14

لاہور۔22 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اکتوبر2016ء) وفاقی وزیر منصوبہ بندی ٬ترقی و اصلاحات پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ تبدیلی کی دھمکیاں دیناجمہوریت نہیں٬2 نومبر کو اسلام آباد بند نہیں ہو گا پی ٹی آئی بند ہوجائیگی٬پاکستان میں جمہوری نظام ہے اور تبدیلی کا واحد راستہ بیلٹ ہے ٬ کسی کے پاس کوئی حق نہیں کہ وہ اسلام آباد کو بند کرے٬ یہ جمہوریت نہیں فسطائیت ہے٬ ان کو چاہئے کہ وہ پارلیمنٹ کا راستہ اختیار کریں کیونکہ مسائل کا واحدحل پارلیمنٹ کا راستہ ہے٬ پانامہ کیس کی سماعت سپریم کورٹ میں ہو رہی ہے٬ احتجاج مرضی کے فیصلے حاصل کرنے کیلئے ہے٬ پاکستان کی عوام ترقی ٬امن اور استحکام چاہتے ہیں انہیں اس طرح کے احتجاج میں کوئی دلچسپی نہیں۔

ان خیالات کااظہار انہوںنے گزشتہ روزیہاں گورنمنٹ کالج لاہور میں ’’وزیر اعظم لیپ ٹاپ سکیم فیز۱۱‘‘کے تحت منعقدہ تقریب سے خطاب اور میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

پروفیسر احسن اقبال نے کہا کہ پانامہ الزامات ایسے نہیں کہ ان کو چارٹ شیٹ قرار دیا جائے اگر کسی کے پاس ثبوت ہیں تو کیس سپریم کورٹ میں ہے وہاں ثبوت پیش کریں خود جیوری بن کر فیصلہ دینا درست نہیں٬پی ایم ایل این کی حکومت اداروں کا احترام کرتی ہے اور تمام جماعتوں کو بھی چاہیے کہ وہ آئین وقانون اور اداروں کے احترام کو یقینی بنائیں۔

انہوںنے کہاکہ عمران خان کا رویہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی احتجاجی سیاست میں مقبولیت کا باعث بن رہا ہے یہی وجہ ہے کہ پچھلے ایک سال میں گلگت بلتستان ٬ آزادکشمیر اورضمنی انتخابات ہوئے ہیںان میں کامیابی عوام کا پاکستان مسلم لیگ (ن) پراعتماد کا اظہار ہے۔وفاقی وزیر نے کہاکہ ملکی ترقی اور خوشحالی کیلئے مثبت روئیے اور سیاسی استحکام بہت ضروری ہے٬آج پاکستان کو امن ٬اتحاد اوریکجہتی کی بہت ضرورت ہے٬ہم کسی کو اجازت نہیں دینگے کہ پاکستان کو اندھروںمیں پھینک دے ٬پاکستان کے اندر تبدیلی کا واحد راستہ صرف بیلٹ کے ذریعے ہے٬ طاقت کے زور پر ایسا بالکل نہیں ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ سی پیک کے حوالے سے پاکستان کے عوام جانتے ہیں کہ یہ ان کیلئے گیم چینجز ہے‘ قوم یہ بھی جانتی ہے کہ ماضی میں ہم نے کئی مواقع ضائع کئے لیکن اب ہمارے پاس ترقی کے سوا کوئی دوسرا راستہ نہیں‘ موجودہ حکومت نے ایک سال کے عرصے میں کاغذ کے ٹکڑے پر موجود ایم او یو کو 46 ارب ڈالر کے معاہدے میں تبدیل کیا‘ اب اس کو حقیقت کا روپ دینے کیلئے تمام اقدامات کئے جارہے ہیں٬ انہوں نے کہا کہ سی پیک کے 46 ارب ڈالر کے منصوبوں میں سی35 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری توانائی کے شعبوں میں ہے کیونکہ انرجی کے بغیر کوئی بھی شعبہ نہیں چل سکتا٬احسن اقبال نے کہاکہ ملک اسوقت ایسے مقام پر پہنچ چکا ہے کہ اب دنیاپاکستان کو ایک ابھرتی ہوئی معیشت کے طورپر دیکھ رہی ہے٬ ہمیں دنیا کے سامنے طاقت ور معیشت کے طورپر سامنے آنا ہے٬ہم نے اپنے حصہ کا کام کیا ہے٬سب سے زیادہ سرمایہ کاری گزشتہ 3سالوں میں ہوئی ہے ٬انفراسٹرکچر٬توانائی٬ٹرانسپورٹ اورہیومن ڈویلپمنٹ پر بڑی سرمایہ کاری کی جارہی ہے۔

انہوںنے کہا کہ جب ہم نے حکومت سنبھالی تو معیشت کا برا حال تھا‘ قوم میں یہ تاثر پایا جارہا تھا کہ آنیوالا سال بدتر ہو گا‘ ملک میں 20‘ 20 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ تھی‘ کراچی اور بلوچستان کے حالات تباہی کی طرف جارہے تھے‘ لیکن موجودہ حکومت نے نہ صرف توانائی کے شعبے میں اقدامات کئے جس کے نتیجہ میں اس وقت لوڈشیڈنگ 6 سے 8 گھنٹے رہ گئی ہے بلکہ کراچی میں امن لوٹ رہا ہے‘جو تبدیلی کا ثبوت ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ سی پیک کے علاوہ حکومت ایک یو ایس پاکستان نالج کاریڈور پر بھی کام کر رہی ہے جس کے تحت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے شعبہ میں 10 ہزار پی ایچ ڈی پیدا کئے جائیں گے۔ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر نے کہا کہ 2018ء میںہونیوالے انتخابات میں پاکستان مسلم لیگ(ن) دو تہائی اکثریت سے واضح کامیابی حاصل کریگی ۔ایک اور سوال کے جواب میں احسن اقبال نے کہاکہ 2014ء کے اسلام آباد دھرنے کے اربوں روپے کا بل ابھی حکومت کو ادا کرنا ہے۔

تقریب میں وائس چانسلرپروفیسر حسن امیر شاہ سمیت دیگر فیکلٹی ممبران٬طلبا ء وطالبات اور اساتذہ بھی موجودتھے۔وزیر اعظم لیپ ٹاپ سکیم ۱۱کے تحت گورنمنٹ کالج لاہور کے بی اے /بی ایس سی٬ایم اے /ایم ایس سی٬ایم فل اور پی ایچ ڈی کی1100طلباوطالبات کو لیپ ٹاپ تقسیم کئے گئے۔