گلگت بلتستان میں معذور افراد کے کوٹے کو مزید پروموٹ کرنے کی ضرورت ہے٬ ڈائریکٹر نیب نعمان اسلم

ہفتہ 22 اکتوبر 2016 13:05

گلگت ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اکتوبر2016ء) سپیشل ایجوکیشن کمپلیکس گلگت میں سفید چھڑی کے عالمی دن کے حوالے سے تقریب منعقد ہوئی٬ تقریب کے مہمان خصوصی ڈائریکٹر نیب گلگت بلتستان نعمان اسلم ٬ میر محفل ڈپٹی ڈائریکٹر سپیشل ایجوکیشن ناصر حسین تھے جبکہ دیگر میں ڈپٹی ڈائریکٹر نیب ماجدسمیت طلبہ اور والدین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی ڈائریکٹر نیب نعمان اسلم نے کہا کہ بینائی سے محروم لو گ ہیرے کی طرح ہوتے ہیں انہیں صرف تراشنے کی ضرورت ہوتی ہے جس میں اولین زمہ داری والدین کی ہوتی ہے تاکہ بینائی سے محروم افراد معاشرے میں عزت کے ساتھ زندگی گزارسکیں ٬سپیشل ایجوکیشن کمپلیکس معذور افراد کی تعلیم و تربیت میں اہم کردار ادا کررہا ہے٬ اس وقت دنیا بھر میں بڑی تعداد میں معذور افراد اہم اور کلیدی عہدوں پر خدمات سرانجام دے رہے ہیں ٬گلگت بلتستان میں معذور افراد کے کوٹے کو مزید پروموٹ کرنے کی ضرورت ہے ۔

(جاری ہے)

سفید چھڑی کا عالمی دن ہمیں بینائی سے محروم افراد کی یاد دلاتا ہے یہ لوگ ہماری محبتوں کے مستحق ہیں٬ پاکستان کرکٹ کی بلائنڈ ٹیم بھی اپنی فیلڈ میں ناقابل شکست ہے٬ سپیشل ایجوکیشن کمپلیکس گلگت کے کھیل کے گرائونڈ کی ہمواری اور پانی کے مسئلے کو حل کرنے کے لئے احکامات جاری کردیئے ہیں٬ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی ڈائریکٹر سپیشل ایجوکیشن ناصر حسین نے سفید چھڑی کے عالمی دن کو منانے کے مقاصد اور نابینا افراد کی ضروریات پر خصوصی روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ نابینا افراد ہمارا مستقبل اور قومی اثاثہ ہیں نیب گلگت بلتستان نے اس سے قبل بھی سپیشل ایجوکیشن کمپیلکس کے ساتھ اپنا تعاون جاری رکھا ہے اور اب بھی جاری ہے جس پر نیب کے شکرگزار ہیں٬ تقریب سے فیکلٹی ممبر ثریا نے بھی خطاب کیا ٬ قبل ازیں سفید چھڑی کے عالمی دن کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے لئے ریلی کا بھی انعقاد کیا گیا جس کی قیادت ڈائریکٹر نیب اور ڈپٹی ڈائریکٹر سپیشل ایجوکیشن نے کی ٬ریلی میں بچوں نے نعرہ تکبیر اور پاکستان زندہ باد کے نعروں کے ساتھ پرجوش انداز میں حصہ لیا ۔

متعلقہ عنوان :