اقتصادی ترقی میں زراعت کی اہمیت کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا ٬ڈی سی او اٹک

ہفتہ 22 اکتوبر 2016 13:05

اٹک ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اکتوبر2016ء) ڈسٹرکٹ کو آرڈینیشن آفیسراٹک رانا اکبر حیات نے کہا ہے کہ ملک کی اقتصادی ترقی میں زراعت کی اہمیت کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا ضرورت اس امر کی ہے کہ حکومت اورنجی شعبہ جات زرعی ترقی پر بھرپور توجہ دیں تاکہ زرعی پیداوار میں اضافہ ہو اور ملک غذائی خود کفالت کی منزل حاصل کر سکے۔ انہوں نے یہ بات بارانی یونیورسٹی اٹک کیمپس کے 2 سال مکمل ہونے پر منعقدہ خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

اس موقع پر ڈائریکٹر زوہیرحسنین ٬ سابق امیدوار صوبائی اسمبلی شیخ سلمان سرور ٬ اسسٹنٹ رجسٹرار الطاف حسین سیال٬ یونیورسٹی فیکلٹی سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹر عبدالرحمان٬ ڈاکٹر خالد محمود٬ ڈاکٹر نور الحسن ہاشمی٬ ڈاکٹر رابعہ خالد٬ نامزد چیئرمین بلدیہ اٹک ناصر محمود شیخ٬ ڈپٹی ضلعی صدر مسلم لیگ ن سلیم شہزاد بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

ڈی سی او اٹک نے کہا کہ پچھلے کچھ عرصہ سے زراعت کا شعبہ مستقل عدم توجہی کا شکار ہے جس سے مختلف فصلوں کی پیداوار کم ہو رہی ہے اور اس کی ضروریات پوری کرنے کے لیے درآمدی بل میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے جسے روکنا چاہیے ٬زرعی ماہرین پر زور دیا جانا چاہیے کہ وہ اہم فصلوں کے نئے بیجوں کی تیاری پر بھرپور توجہ دیں تاکہ فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ اور کسانوں کو محنت کا زیادہ سے زیادہ پھل مل سکے۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر نے یونیورسٹی کی شکل میں یہ تحفہ بڑی محنت اور دلچسپی رکھتے ہوئے وزیرِ اعلیٰ پنجاب سے خصوصی طور پر حاصل کیا ہے یہ ان کی دلچسپی کا منہ بولتا ثبوت ہے کہ آج اٹک کے طلبہ و طالبات اپنے ہی شہر میں اپنے والدین اور اساتذہ کی نگرانی میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ اس موقع پر مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے سابق امیدوار صوبائی اسمبلی شیخ سلمان سرور نے کہا کہ کوئی قوم اس وقت تک ترقی نہیں کر سکتی جب تک اس کو تعلیم کے زیور سے آراستہ نہ کیا جائے اور یہ ذمہ داری والدین کے ساتھ ساتھ ریاست کی بھی ہے کہ وہ طلبہ کو اعلیٰ تعلیم کے بہترین مواقع فراہم کرے۔

ڈائریکٹر بارانی یونیورسٹی اٹک کیمپس زوہیر حسنین نے خطبہ استقبالیہ میں کہا کہ دو سال قبل لگایا گیا یہ پودا تیزی سے پروان چڑھ رہا ہے اس ادارے کو80 طلبہ سے شروع کیا گیا تھا جبکہ آج طلبہ کی تعداد 300سے تجاوز کر چکی ہے۔اس موقع پر انہوں نے وفاقی وزیر پارلیمانی امور شیخ آفتاب احمد کو خراجِ تحسین پیش کیا جن کی ذاتی کوششوں سے اٹک میں بارانی یونیورسٹی کا کیمپس قائم کیا گیا۔ تقریب سے نامزد چیئرمین بلدیہ اٹک ناصر محمود شیخ نے بھی شرکاء سے خطاب کیا۔