مسلم لیگ (ن) اور پیپلزپارٹی سمیت برسراقتدار جماعتیں عوام کے مسائل حل کرنے پر توجہ نہیں دے رہی ہیں٬ معراج الہدیٰ صدیقی

جمعہ 21 اکتوبر 2016 22:22

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اکتوبر2016ء) امیر جماعت اسلامی سندھ ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) اور پیپلزپارٹی سمیت برسراقتدار جماعتیں عوام کے مسائل حل کرنے پر نہ تو توجہ دے رہی ہیں اور نہ ہی ان میں مسائل حل کرنے کی صلاحیت ہے٬ جن پارٹیوں کے اندر جمہوریت نہیں ہے وہ جمہوری نظام کو کس طرح مستحکم کر سکتی ہیں٬ جماعت اسلامی دیانتدار اور اہل قیادت اور افرادی قوت رکھتی ہے عوام اس پر اعتماد کا اظہار کریں تو اپنے مسائل سے نجات حاصل کر سکتے ہیں٬ کے پی کے میں تحریک انصاف جن علاقوں میں اپنی حکومت کی بہتر کارکردگی کا دعویٰ کرتی ہے وہاں جماعت اسلامی کا بنیادی کردار ہے٬ صحت کا شعبہ تحریک انصاف کے پاس ہے جس کی کرپشن کی داستانیں چھپ چکی ہیں٬ دشمن بھی اب کراچی میں سابق سٹی ناظم نعمت اللہ خان کے تعمیر و ترقی کے اہم کردار اور دیانتداری کا اعتراف کرنے پر مجبور ہو گئے ہیں۔

(جاری ہے)

وہ مرکز تبلیغ اسلام میں نومنتخب امیر جماعت اسلامی ضلع حیدرآباد کی حلف برداری کی تقریب میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کر رہے تھے٬ اس موقع پر صوبائی ڈپٹی سیکریٹری عبدالوحید قریشی٬ امیر جماعت اسلامی ضلع حیدرآباد حافظ طاہر مجید نے بھی خطاب کیا جبکہ سابق امراء ضلع حیدرآباد مشتاق احمد خان٬ شیخ شوکت علی اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔

ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی نے بتایا کہ جماعت اسلامی سندھ کے زیراہتمام ورکرز کنونشن 26 اور 27 نومبر کو کراچی میں ہو گا جس کے بڑے پیمانے پر انتظامات کئے جا رہے ہیں کارکن گلیوں محلوں میں نکلیں اور خصوصاً کراچی اور حیدرآباد میں جو سیاسی خلاء پیدا ہوا ہے اس ماحول سے فائدہ اٹھائیں اور لوگوں تک جماعت کی دعوت پہنچائیں اور انہیں کنونشن میں شرکت پر آمادہ کریں٬ انہوں نے کہاکہ حکمرانوں کی کرپشن کسی سے پوشیدہ نہیں ہے لیکن کراچی اورحیدرآباد میں عوام کی نمائندگی کا دعویٰ کرنے والوں کے درمیان ان دنوں کشاکش کی وجہ سے جو انکشافات ہو رہے ہیں وہ توجہ طلب ہیں اس پر قانون کو حرکت میں آنا چاہئے اور جرائم پیشہ اور کرپٹ افراد کے خلاف بلاامتیاز کاروائی ہونی چاہیئے٬ ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی نے کہا کہ کے پی کے میں تحریک انصاف جن علاقوں میں اپنی بہتر کارکردگی کا دعویٰ کرتی ہے ان حلقوں میں جماعت اسلامی کے قومی صوبائی اسمبلی کے ارکان ناظمین تعمیر و ترقی کے کاموں کے ذمہ دار ہیں جنہوں نے پوری شفافیت سے عوامی خدمت کے کام کرائے ہیں٬ محکمہ صحت تحریک انصاف کے پاس ہے جس میں کرپشن کی داستانیں چھپ چکی ہیں٬ بنیادی صحت کے مراکز من پسند این جی اوز کے حوالے کر دیئے گئے ہیں جس سے عوام کے لئے صحت کی سہولتیں متاثر ہو رہی ہیں٬انہوں نے کہاکہ کراچی و حیدرآباد کے عوام کے مسائل صرف جماعت اسلامی ہی حل کر سکتی ہے کیونکہ اس کے پاس دیانتدار اور اہل قیادت اور افرادی قوت موجود ہے جو کسی اور جماعت کے پاس نہیں٬ انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی ہی حقیقی معنوں میں جمہوری جماعت ہے جماعت اسلامی کے بانی سید ابوالااعلیٰ مودودی کے دور سے جماعت کی تنظیم کے انتخابات کا ایک شیڈول ہے ملک کے حالات کیسے ہی ہوں موسم کا رنگ ڈھنگ کچھ بھی ہو مگر یہ شیڈول تبدیل نہیں ہوتا اور ہر سال باقائدگی سے انتخابات ہوتے ہیں٬ جماعت اسلامی میں منصب کا کوئی طلبگار نہیں ہو تا بلکہ جس پر جماعت کے کارکنوں کی اکثریت ذمہ داری ڈال سیتی ہے وہ اسے پوری کرنے کی کوشش کرتا ہے٬ انہوں نے کہاکہ قوم نے مسلم لیگ(ن) کے انتخابات بھی گذشتہ روز دیکھے جس میں نواز شریف کو بلامقابلہ پارٹی کا صدر منتخب کرلیا گیا مسلم لیگیوں کے سواء ملک میں کوئی بھی اسے جمہوری انتخابات تسلیم کرنے کے لئے تیار نہیں ہے٬ اسی طرح پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول نے نثار کھوڑو کو پارٹی کا صوبائی صدر مقرر کیا ہے اور اس کے لئے نہ کوئی ووٹ ڈالے گئے اور نہ ہی کوئی رائے لی گئی جمہوریت کا الاگ الاپنے والی سیاسی جماعتوں میں تنظیم کے انتخابات نہیں ہوتے اور اوپر سے لوگوں کو تھوپا جاتا ہے ایسی پارٹیاں ملک میں جمہوریت کو کیسے مستحکم کر سکتی ہیں٬ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن جس کا کام ملک میں شفاف انتخابات کرانا اور پارٹیوں کے اندر جمہوریت کی روح کے مطابق انتخابات کو یقینی بنانا ہے اس کے سابق سیکریٹری کنور دلشاد نے یہ لکھا ہے کہ ان کے مشورے کو قبول کرکے عمران خان نے اپنی پارٹی میں تنظیمی انتخابات نہیں کرائے کیونکہ تحریک انصاف میں تنظیمی انتخٰابات کے نتیجے میں پارٹی خلاء میں چلی جاتی٬ ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی نے کہا کہ یہ افسوسناک بات ہے کہ بیوروکریسی میں اعلیٰ سطح پر ذمہ داریاں ادا کرنے والے افسران منفی کردار ادا کرتے ہیں جس طرح کہ محکمہ ٹیکس کے افسران بڑے سرمایہ داروں اور کاروباری لوگوں کو ٹیکس چوری کے طریقے سکھاتے ہیں٬ انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی دیانتدار اور جمہوری جماعت ہے کے پی کے ہو یا کراچی ہماری قیادت نے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے٬ عبدالستار افغانی اور نعمت اللہ خان نے اپنی میئر شپ اور سٹی نظامت کے دور میں اپنی ٹیم کے ساتھ کراچی میں تعمیر و ترقی کے مثالی کام کرائے٬ نعمت اللہ خان نے کے تھری کا منصوبہ مکمل کرایا مگر ان کے بعد کے فور تعطل کا شکار ہے٬ انہوں نے کہا کہ سندھ میں ملازمتوں پر سے پابندی اٹھانے کا اعلان کیا گیا ہے اب یہ مطالبہ ہو رہا ہے کہ بھرتیاں میرٹ پر کی جائیں مگر جب حکمران پارٹی کے اندر میرٹ نہیں ہے تو وہ ملازمتوں میں میرٹ کیسے نافذ کریں گے٬ انہوں نے کہا کہ کرپشن کی کہانیاں عام ہیں کراچی و حیدرآباد کو تباہ و برباد کر دیا گیا ہے عوام کو ریلیف دینے کے لئے کوئی کام نہیں ہو رہا ہے۔

متعلقہ عنوان :