وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات نے چین کی 67ویں سالگرہ کے حوالے سی10روزہ پاکستان اور چین کی مشترکہ تصاویری نمائش کا افتتاح کر دیا

چین کے آرٹسٹوں کی جانب سے نمائش کے لئے تیار کیے گئے کیلی گرافی کے فن پاروں اور تصاویر میں شرکاء کی گہری دلچسپی

جمعہ 21 اکتوبر 2016 22:09

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اکتوبر2016ء) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات و قومی ورثہ سینیٹر پرویز رشید نے چین کی 67ویں سالگرہ کے حوالے سی10روزہ پاکستان اور چین کی مشترکہ تصاویری نمائش کا افتتاح کر دیا ۔جمعہ کو پاکستان نیشنل کونسل آف آرٹس میں منعقدہ تقریب کے مہمان خصوصی وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات و قومی ورثہ سینیٹر پرویز رشید تھے جبکہ وفاقی وزیر منصوبہ بندی ‘ترقی و اصلاحات احسن اقبال ‘وزیراعظم کے معاون برائے خارجہ امور طارق فاطمی ‘چین کے سفیر سن وی ڈونگ ‘پاکستان نیشنل کونسل آف آرٹس کے ڈائریکٹر جنرل جمال شاہ‘پاکستان اور چین کے آرٹسٹوں سمیت چین کے وفود شریک تھے ۔

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید نے چین کے آرٹسٹوں کی جانب سے نمائش کے لئے تیار کیے گئے کیلی گرافی کے فن پاروں اور پاکستان کے صدر ممنون حسین ‘وزیراعظم محمد نواز شریف سمیت پاکستان کے اعلی سطحی وفود کے چین کے دوروں اور چین کی تقاریب میں شرکت ‘ سفارتی تعلقات ‘پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے (سی پیک) کی خوبصورت تصاویر گہری دلچسپی سے دیکھیں۔

(جاری ہے)

یہ10روزہ نمائش 31اکتوبر تک جاری رہے گی ۔قبل ازیں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید نے چین کے آرٹسٹوں میں اسناد تقسیم کیں جبکہ چین کے سفیر سن وی ڈونگ نے پاکستانی آرٹسٹوں میں سرٹیفکیٹس تقسیم کیے ۔وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے خارجہ امور طارق فاطمی نے چین اور پاکستان کی مشترکہ نمائش کے انعقاد پر منتظمین کی کوششوں کو سراہا ۔

تقریب سے خطاب کر تے ہوئے چین کے سفیر سن وی ڈونگ نے کہا کہ فن تمام انسانیت کی مشترکہ زبان ہے ‘فنکار ملکوں کے مابین ثقافتی اور تہذیبی اختلافات کو دور کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ گذشتہ سال 12رکنی پاکستانی فنکاروں کے وفد نے چین کا دورہ کیا اور انہوں نے چینی عوام ملک اور ثقافت سے محبت کے اظہار کو اپنی پینٹگز کے ذریعے پیش کیا ۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوںکے آرٹسٹوں نے آرٹ کے 56بہترین نمونے نیلامی کے لئے پیش کیے ہیں اس سے حاصل ہونے والی تمام رقم پاکستان میں خواتین کی تعلیم پر خرچ کی جائے گی ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین سدا بہار دوست ہیں اور دونوں ملکوں کے درمیان دوستی پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے سے مزید متسحکم ہوگی ۔ڈائریکٹر جنرل پاکستان نیشنل کونسل آف آرٹس کے جمال شاہ نے کہا کہ آج پاکستان چین کی بے مثال دوستی اور چین کی67ویں سالگرہ کے حوالے سے اس خوبصورت تصاویری نمائش کا اہتمام کیا گیا ہے اس طرح کی سرگرمیوں سے دونوں ممالک کے آرٹسٹوں کو اپنے ممالک کے خوبصورت مناظر کو اجاگر کرنے میں بہت حد تک مدد ملے گی ۔