میئر اسلام آباد شیخ انصر عزیز نے اسلام آباد کو ماحول دوست شہر بنانے کیلئے اسلام آباد گرین چارٹر پر دستخط کر دیئے

جمعہ 21 اکتوبر 2016 21:47

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 21 اکتوبر2016ء)میئر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز نے اسلام آباد کو ماحول دوست شہر بنانے اور شہر سے آلودگی کے خاتمہ کے لیے اقوامِ متحدہ کے شہری ماحولیاتی معاہدے کو اپنانے کے لیے اسلام آباد گرین چارٹر پر دستخط کر دیئے ہیں۔اسلام آباد اقوامِ متحدہ کے شہری ماحولیاتی معاہدے (United Nations Urban Environmental Accords) کو اپنانے والادنیا کا 101 واں جبکہ پاکستان کا پہلا شہر ہے ۔

اس معاہدے کا مقصد قدرتی ماحول میں مزید بہتری لانا اور آلودگی کے باعث ماحول کو پیش آنے والے نقصانات کا ازالہ کرنا ہے تاکہ آنے والی نسل کو ایک صحت مند ماحول منتقل کیا جا سکے۔ اس سلسلے میں اسلام آباد کے ایک مقامی ہوٹل میں اسلام آباد گرین چارٹر پر دستخط کرنے کی ایک تقریب منعقد ہوئی ۔

(جاری ہے)

اسلام آباد گرین چارٹر پر وزیر اعظم کے فوکل پرسن برائے گرین پاکستان سید رضوان محبوب اور میئر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز نے دستخط کیے۔

تقریب میں وفاقی وزیرِ برائے موسمیاتی تبدیلی زاہد حامد٬وزیرِ اعظم پاکستان کے فوکل پرسن برائے گرین پاکستان سید رضوان محبوب٬ میئر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز٬ حکومت کے سینئر افسران٬چیمبر آف کامرس کے نمائندے٬سول سوسائٹی٬میڈیا ٬منتخب نمائندوں کے علاوہ سی ڈی اے اور میٹرو پولیٹین کارپوریشن اسلام آباد کے سینئر افسران نے شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی زاہد حامد نے کہا کہ اقوامِ متحدہ کے شہری ماحولیاتی معاہدے (United Nations Urban Environmental Accords) کو اپنانے کے لیے اسلام آباد گرین چار ٹر پر دستخط کرنے کا یہ موقع ایک تاریخ رقم کر رہا ہے کیونکہ اسلام آباد پاکستان کا پہلا شہر ہے جس نے شہر سے ماحولیاتی آلودگی کے نتیجے میں ہونے والے نقصانات کے ازالے ٬ شہر کے ماحول میں بہتر ی لانے اور اسکو مزید خوبصورت بنانے کے لیے اقوامِ متحدہ کے معاہدے کے طے شدہ 21 بنیادی ایکشنز کو اپنانے کا چیلنج قبول کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کی تاریخ میں پہلی مرتبہ شہر کی تعمیر و ترقی کی باگ ڈور منتخب نمائندوں کے حوالے کی گئی ہے تاکہ وہ شہر کے رہائشیوں کی ضروریات کے مطابق اور شہر کی بہتری کے لیے کام کر سکیں جسکے ثمرات آنا شروع ہو گئے ہیں۔ وزیرِ اعظم کے فوکل پرسن برائے گرین پاکستان سید رضوان محبوب نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اقوامِ عالم کو اس بات کا اندازہ ہو چکا ہے کہ ماحول کو پہنچنے والے نقصان سے دنیا کو شدید خطرات لاحق ہیں اس لیے اقوامِ عالم نے ان نقصانات کے ازالہ کا فیصلہ کیا اور دنیا کے مختلف شہروں کے میئر وں نے اکٹھے ہو کر فیصلہ کیا کہ ماحول کو درپیش خطرات کو دور کرنے کے لیے نقصانات کا ازالہ کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ دنیا کے 100 مختلف شہروں نے ماحول کو بہتر بنانے کے لیے اقوام متحدہ کے شہری ماحولیاتی معاہدے کے طے شدہ21 بنیادی ایکشنز پر عمل پیرا ہو کر کامیابی سے ہمکنار ہوئے ہیں مگر بد قسمتی سے پاکستان کا کوئی بھی شہر ان 100 شہروں میں شامل نہیں تھا۔ انہوں نے میئر اسلام آبادو چیئرمین سی ڈی اے کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ میئر اسلام آبادشیخ انصر عزیزپہلے میئر ہیں جنہوں نے یہ بڑا چیلنج قبول کرتے ہوئے اس معاہدے پر دستخط کیے ہیں اور میں امید کرتا ہوں کہ پاکستان کے دوسرے شہروں کے میئر بھی قدم آگے بڑھاتے ہوئے اس چیلنج کو قبول کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ مقاصد کے حصول کے لیے ٹائم لائنز مقرر کی جائیں گی تاہم ماحول کو بہتر بنانے اور اس چارٹر کو کامیاب بنانے میں تمام شعبہ ہائے زندگی کاکردار نہایت اہمیت کا حامل ہو گا۔ میئر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز نے کہا کہ اسلام آباد گرین چارٹر ایک عظیم مقصد ہے جس پر عمل پیرا ہو کر اسلام آباد کو مزید سر سبز و شاداب اور ماحول دوست بنایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ملک کے دیگر شہروں کی نسبت اسلام آباد منصوبہ بندی اور ترقی کے حوالے سے بہت آگے ہے تاہم مختلف چیلنجز ہیں جن سے نمٹا جا رہا ہے اور سروس ڈیلیوری سسٹم میں کوتاہیوں کو دور کرنے کے عمل پر بھی تیزی سے کام کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد گرین چارٹر دستاویز ایک راہنمائی کا کام کرنے کے ساتھ ساتھ اسلام آباد کے رہن سہن میں مزید بہتری لانے میں معاون ثابت ہوگی تاکہ شہر کو دنیا کے ترقی یافتہ ممالک کے دارالحکومتوں کے برابر لایا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ 21 رہنماایکشن کو حقیقت کی شکل دینے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات اٹھائے جائیں گے تاکہ اسلام آباد کو ایک گرین رول ماڈل شہر بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ میٹرو پولیٹین کارپوریشن اسلام آباد اور سی ڈی اے اسلام آباد اور اسکے ماحول کو مزید بہتر صحت مند اور پر کشش بنانے کے لیے پر عزم ہے ۔ انہوں نے کہا ہم نے آنے والی نسلوں کے لیے شہر کی قدرتی خوبصورتی کے تحفظ کو یقینی بنانے کا عزم کیا ہے اور یہ 21 رہنما ایکشن ہمارے اس عزم کے لیے مشعلِ راہ ہوں گے۔

انہوں نے شہریوں ٬نیشنل اور انٹرنیشنل پارٹنرز٬ میڈیا٬ سول سوسائٹی اور طلباء سے درخواست کی کہ وہ شہر کی خوبصورتی کو بہتر بنانے کے لیے سی ڈی اے اور میٹرو پولیٹین کارپوریشن اسلام آباد کے ساتھ بھر پور تعاون کریں۔