آئی جی اسلام آباد نے پہلے سپیشلائزڈ ہومی سائیڈ انوسٹی گیشن یونٹ کا افتتاح کر دیا

جمعہ 21 اکتوبر 2016 21:39

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اکتوبر2016ء) انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد طارق مسعود یٰسین نے اسلام آباد پولیس کے پہلے سپیشلائزڈ ہومی سائیڈ انوسٹی گیشن یونٹ کا افتتاح کر دیا ۔سنٹرل پولیس آفس میں پریس بریفنگ کے دوران آئی جی اسلام آباد نے بتایا کہ یہ یونٹ 6انسپکٹرز سمیت30افسران پر مشتمل ہے۔اس یونٹ کا مقصد فرانزک سائنس اور جدید ترین ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے تفتیش کے معیار کو بہتر بنانا ہے۔

اس یونٹ کی مدد سے دشمنی اور کرپشن کے لیے معصوم لوگوں کو مختلف مقدمات میں ملوث کرنے کا خاتمہ ہو گا اور لوگوں کو انصاف کی فراہمی یقینی ہوجائیگی۔آئی جی اسلام آباد نے مزید کہا کہ لوگوں کے لئے انصاف کے حصول کو یقینی بنانے کے لیے اس یونٹ میں اعلیٰ تعلیم یافتہ افسران کو منتخب کیا گیا ہے جن کی تعلیمی قابلیت بی اے سے کم نہیں ہے اور یہ ایماندار اور اچھی شہرت کے حامل افسران ہیں۔

(جاری ہے)

ان افسران کو(کرائم سین انوسٹی گیشن )جائے وقوعہ سے مواد اکٹھا کرنے٬ اسے محفوظ بنانے اشیاء کو قبضہ میں لینے اور ترسیل کرنے کے لئے کورسز کرائے جا رہے ہیں ۔ہومی سائیڈ انوسٹی گیشن یونٹس کو تمام تر بنیادی سہولتیں مہیا کی جائیں گی۔اس یونٹ کی تمام ٹیموں کو 5نئی گاڑیاں دی جارہی ہیں۔تفتیشی افسران کو تفتیش کے لیے مختص رقم بھی دی جائے گی ۔

ہومی سائیڈ انوسٹی گیشن یونٹ کوکرائم سین انوسٹی گیشن کٹس بھی دی جائیں گی۔ورک لوڈ(Workload)کو برابر تقسیم کرنے کی خاطر ہر ٹیم کو سالانہ 20 کیسز دیئے جائیں گے۔اس کے علاوہ ان سے کوئی اورڈیوٹی نہیں لی جائے گی۔یہ سپیشلائزڈ ہومی سائیڈ انوسٹی گیشن یونٹ پنجاب پولیس کیSHIUکی طرز پر بنایا گیا ہے جس کو انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد طارق مسعود یٰسین نے خصوصی طور پر بنا یاتھا جو کامیابی سے اپنا کام کر رہا ہے۔ آئی جی اسلام آباد نے امید ظاہر کی کہ تمام افسران ایمانداری اور پروفیشنل انداز سے اپنے فرائض سرانجام دیں گے اور اس یونٹ کو کامیاب بنانے میں اہم کردار ادا کریں گے۔