خصوصی افراد ہماری ورک فورس ہیں ٬مناسب مواقع فراہم کئے جائیں تو متاثر کن ٬مثالی کارکردگی دکھا سکتے ہیں٬ شمیم ممتاز

وزیر سماجی بہبود سندھ کی جانب سے وہیل چیئر یوزرس کرکٹ ٹیم کو ایک لاکھ ستر ہزار روپے کا چیک پیش کیا گیا

جمعہ 21 اکتوبر 2016 21:31

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اکتوبر2016ء) صوبائی وزیر سماجی بہبود شمیم ممتاز نے کہا ہے کہ خصوصی افراد ہماری ورک فورس ہیں اگر انہیں مناسب مواقع فراہم کئے جائیں تو وہ متاثر کن اور مثالی کارکردگی دکھا سکتے ہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج اپنے دفتر میں ڈس ایبلڈ ویلفیئرایسوسی ایشن کے جنرل سیکریٹری شکیل خان کو اسلام آباد میں منعقد ہونے والے وہیل چیئر یوزرس کرکٹ ٹورنامنٹ میں کراچی کی ٹیم کی شرکت کے لئے سفری اخراجات کی مد میں ایک لاکھ ستر ہزار روپے کا چیک دینے کے موقع پر کیا ۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ خصوصی افراد کی حوصلہ افزائی کی جائے تاکہ وہ کسی پر بوجھ نہ بنیں اور معاشرے کے کارآمد شہری بن کر ملک کا نام روشن کریں صوبائی وزیر نے کہا کہ سندھ حکومت خصوصی افراد کی فلاح وبہود پر سرکاری ملازمتوں میں دو فیصد کوٹہ پر سختی سے عمل کیا جائے گا ۔

(جاری ہے)

انہیں تعلیم اور تربیت ٬جدید ٹیکنا لوجی تک رسائی ٬انٹرن شپ کے مواقع سمیت غیر تدریسی سرگرمیوں کے فروغ کے لئے عملی اقدامت کئے جارہے ہیں انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں منعقد ہونے والے ٹورنامنٹ میں کراچی کی ٹیم بہتر کارکردگی دکھائے گی اور اپنے شہر کا نام روشن کرے گی ۔

اس موقع پر ڈس ایبلڈویلفیئر ایسوسی ایشن کے جنرل سیکریٹری شکیل خان نے کہا کہ ہم صوبائی وزیر سماجی بہبود کے بے حد مشکور ہیں کہ جنہوں نے تین دن کے مختصر عرصہ میں ہمیں مدد فراہم کی انہوں نے مزید بتایا کہ اسلام آباد میں ہونے والے قومی سطح کے کرکٹ ٹورنامنٹ میں کراچی ٬میر پور خاص٬لاہور ٬اسلام آباد ٬ملتان ٬مردان اور آزاد کشمیر کی ٹیمیں شرکت کررہی ہیں ۔

متعلقہ عنوان :