چین اورپاکستان کے عوام صدیوں سے مضبوط ٬لازوال تعلق کے رشتے میں بندھے ہوئے ہیں٬ سینیٹر پرویزرشید

دونوں ممالک کے مابین تمام عالمی مسائل پر ہم آہنگی ٬خطہ میں امن ٬ محبت اور خوشحالی کیلئے مشترکہ کوششیں کر رہے ہیں٬ وفاقی وزیر اطلاعات کا تقریب سے خطاب چین ٬پاکستان زندگی کے ہر شعبہ میں باہمی تعاون کے اصول پر عمل پیرا ہیں٬سی پیک سے زندگی کے باقی شعبوں کی ترقی کیساتھ فنونِ لطیفہ بھی یکساں مستفید ہو گا٬چینی سفیر

جمعہ 21 اکتوبر 2016 21:29

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اکتوبر2016ء) عوامی جمہوریہ چین اور پاکستان کے عوام صدیوں سے ایک مضبوط اور لازوال تعلق کے رشتے میں بندھے ہوئے ہیں۔آج دنیا اس تعلق کو رشک کی نگاہ سے دیکھ رہی ہے ۔ دونوں ممالک کے مابین تمام بین الاقوامی مسائل پر ہم آہنگی کے علاوہ خطہ میں امن ٬ محبت اور خوشحالی کیلئے مشترکہ کوششیں کررہے ہیں۔

فنونِ لطیفہ قوموں کی پہچان ہوتی ہیں۔ آج کی نمائش دونوں ممالک کے فنکاروں کی مہارت کی عکاسی کر رہی ہے۔اِن خیالات کا اظہار وفاقی وزیر اطلاعات ٬ نشریات و قومی ورثہ ٬ سینٹر پرویز رشید نے نیشنل آرٹ گیلری میں چینی سفارت خانے اور پاکستان نیشنل کونسل آف دی آرٹس کے زیراہتمام عوامی جمہوریہ چین کے 67 ویں سالگرہ کے حوالہ سے منعقدہ چینی اور پاکستانی مصّوری اور فوٹو گرافس کی نمائش کے افتتاح کے موقع پر کیا۔

(جاری ہے)

اُنہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے مابین ثقافتی روایات کو مزید مستحکم کرنے کیلئے اس قسم کے پروگراموں کا انعقاد بہت ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک کے منصوبوں سے ترقی کی نئی راہیں کھلیں گی اور یقینا ثقافت اور فنون لطیفہ بھی اس دور میں خاطر خواہ ترقی کریگا۔ جس سے دونوں ممالک کے عوام ایک دوسرے کے قریب آئیں گے۔ اِس سے پہلے چینی سفیرنے فنکار اور نمائش کا تعارف کرتے ہوئے کہا کہ چین اور پاکستان زندگی کے ہر شعبہ میں باہمی تعاون کے اصول پر عمل پیرا ہیں۔

اُنہوں نے کہا کہ سی پیک سے جہاں زندگی کے باقی شعبوں کو ترقی ملے گی وہاں یقینا فنونِ لطیفہ بھی اس ترقی سے یکساں مستفید ہو گا۔ اُنہوں نے کہا کہ ثقافتی روابط کو مزید مستحکم کرنے کے لئے اس قسم کے پروگراموں کا انعقاد تواتر سے کیا جائے گا۔ چینی سفیر نے پاکستان نیشنل کونسل آف دی آرٹس کی کاوشوں کو سراہا۔ ڈائریکٹر جنرل پی این سی اے جمال شاہ نے کہا کہ چین تاریخی ثقافت کا حامل ملک ہے۔

اور یہ ثقافتی تاریخ صدیوں پر محیط ہے ۔ جو ایک تسلسل کے ساتھ چلا رہا ہے۔ چینی ثقافت اور روایات کا رنگ اُنکی روزمرہ زندگی میں نظر آتا ہے۔اِس محنت کش قوم کے فنکار بھی بہت محنتی ہیں۔ جتنے کے باقی لوگ ٬ فنون لطیفہ کے شعبہ کو مزید استحکام دینے کے لئے ضروری اقدامات کئے جائیں گے۔ تاکہ دونوں ممالک کے فنکار ایک دوسرے کی صلاحیتوں سے استفادہ کر سکیں۔نمائش 31 اکتوبر ٬ 2016 تک جاری رہے گی۔

متعلقہ عنوان :