وزیراعلیٰ پنجاب سے سپین کے سفیر کی ملاقات٬ دو طرفہ تعلقات کے فروغ اور مختلف شعبوں میںتعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال

موجودہ دور میں پاکستان کو معاشی استحکام حاصل ہوا ہے٬امن و امان کی صورتحال بہتر ہوئی ہے٬سپین سفیر

جمعہ 21 اکتوبر 2016 21:04

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 21 اکتوبر2016ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے جمعہ کو پاکستان میں سپین کے سفیر کارلوس سیزر مورالزسانچیزنے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور٬ دو طرفہ تعلقات کے فروغ اور مختلف شعبوں میںتعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور سپین کے درمیان بہترین دوستانہ اورتجارتی تعلقات قائم ہیں٬ تاہم معاشی٬ تجارتی اور کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کیلئے مزید موثر انداز میں اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔

پنجاب حکومت سپین کے ساتھ تجارتی٬ معاشی٬ کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینے کے ساتھ مختلف شعبوںمیں تعاون کو فروغ دینے کیلئے ٹھوس اقدامات کرے گی۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے کہاکہ پاکستان خصوصاً پنجاب میں سرمایہ کاری کے پناہ مواقع موجود ہیں اور سپین کے سرمایہ کار ان مواقع سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے دور میں مختلف شعبوں میں حاصل کی جانے والی شاندار کامیابیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں دہشت گردی و انتہاپسندی اور توانائی بحران کے خاتمے کیلئے مخلصانہ اقدامات بارآور ثابت ہو رہے ہیں۔

توانائی منصوبوں پر انتہائی تیزرفتاری اور اعلیٰ معیار کے ساتھ کام جاری ہے۔ اگلے برس تک توانائی منصوبے مکمل ہونے سے ملک میں وافر بجلی دستیاب ہوگی اور لوڈشیڈنگ کا خاتمہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی اور انتہاپسندی سے نمٹنے کیلئے پاک افواج٬ پولیس اور معاشرے کے ہر طبقے نے لازوال قربانیاں دی ہیں اور پاکستان میں کامیاب آپریشن ضرب عضب کے ذریعے دہشت گردوں پر کاری ضرب لگائی گئی ہے اور آج پاکستان ایک پرامن اور محفوظ ملک بن چکا ہے٬ یہی وجہ ہے کہ غیرملکی سرمایہ کار بڑی تعداد میں پاکستان خصوصاً پنجاب میں سرمایہ کاری کر رہے ہیں۔

وزیراعلیٰ نے پاکستان اور سپین کے مابین سفارتی تعلقات کی 65 ویں سالگرہ پر سپین کے سفیر کو مبارکباد دی۔ سپین کے سفیر کارلوس سیزر مورالزسانچیز نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے پاکستان کی بہتر ہوتی ہوئی معیشت اور امن و امان کی صورتحال کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت کے دور میں پاکستان کو معاشی استحکام حاصل ہوا ہے اور امن و امان کی صورتحال بہت بہتر ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سپین کی کئی کمپنیاں پاکستان خصوصاً پنجاب میں کام کر رہی ہیں تاہم ہمیں مختلف شعبوں میں تعاون مزید بڑھانا چاہیئے اور اس ضمن میں سپین پنجاب حکومت کے ساتھ مل کر کام کرے گا۔ سپین کے سفیر نے بھی وزیراعلیٰ شہبازشریف کو پاکستان اور سپین کے مابین سفارتی تعلقات کی 65 ویں سالگرہ کی مبارکباد دی۔ لاہور میں سپین کے اعزازی قونصلر ظہیر سلام٬ پنجاب سرمایہ کاری بورڈ کے ہارون شوکت٬ سیکرٹری صنعت اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔