پنجاب یونیورسٹی اور کمیونٹی ورلڈ سروس کے درمیان مفاہمتی یاداشتوں پر دستخط

جمعہ 21 اکتوبر 2016 21:04

لاہور۔21 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اکتوبر2016ء) پنجاب یونیورسٹی شعبہ سوشل ورک اور کمیونٹی ورلڈ سروس کے درمیان مختلف قومی و سماجی شعبوں میں بہتری اور سول سوسائٹی میں آگاہی پیدا کرنے کے لئے مفاہمتی یاداشت پر دستخط کئے گئے ہیں۔ اس سلسلے میں معاہدے پر دستخطوں کی تقریب وائس چانسلر آفس کے کمیٹی روم میں منعقد ہوئی۔ تقریب میں وائس چانسلر ڈاکٹر مجاہد کامران٬ پرنسپل لاء کالج ڈاکٹر شازیہ نورین قریشی٬ چیئرمین شعبہ سوشل ورک ڈاکٹر زاہد جاوید٬ کمیونٹی ورلڈ سروس ایشیاء کے ریجنل نمائندے فرخ مارون پرویز٬ ڈائریکٹر ایکسٹرنل لنکجز ڈاکٹر ماریہ مالڈوناڈو٬ اسسٹنٹ پروفیسر سونیا عمر٬ ڈاکٹر مہناز حسن نقوی اور عالیہ خالدنے شرکت کی۔

معاہدے کے مطابق اساتذہ اور طلباء میں امن عامہ٬ انسانی حقوق٬ اقلیتوں اور خواتین کے حقوق٬ جمہوریت اور گورننس٬ میڈیا کے کردار اور یوتھ ایمپاورمنٹ سے متعلق موضوعات پر آگاہی فراہم کی جائے گی اور سول سوسائٹی کے لئے مشترکہ سیشنز کا انعقاد کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

اس سلسلے میں لیڈرشپ ٹریننگ ورکشاپس کا بھی انعقاد کیا جائے گا اور نئے کورسز متعارف کرائے جائیں گے۔ طلباء کو فیلڈ ریسرچ اور کیس سٹڈیز کی سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ اس موقع پر باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال بھی کیا گیا۔

متعلقہ عنوان :