سندھ ہائی کورٹ کے حکم کے باوجود شراب خانوں کے خلاف کاروائی نہیں کی جارہی ٬ امیرجماعت اسلامی کراچی

شراب ام الخبائث ہے ٬کسی بھی مذہب نے حلال قرار نہیں دیا ٬نوجوان شراب خانوں کے خلاف مہم میں جماعت اسلامی کے دفاتر سے رابطہ کریں ٬حافظ نعیم الرحمن

جمعہ 21 اکتوبر 2016 20:59

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اکتوبر2016ء) امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ سندھ ہائی کورٹ کی جانب سے شراب خانوں کے خلاف کاروائی کر نے کے حکم کے باوجود پولیس اور متعلقہ محکمے سنجیدہ نظر نہیں آرہے اور شراب خانوں کے خلاف تاحال کوئی کاروائی نہیں کی گئی ۔حافظ نعیم الرحمن نے ہائی کورٹ کے حکم نامے کا بھر پور خیر مقدم کیا اور کہا کہ شراب کا کاروبار کر نا ٬شراب کو معاشرے میں عام کر نے کی کوشش کر نا اور غیر مسلموں کے نام پر جگہ جگہ شراب خانے قائم کر نا اللہ کے عذاب کو دعوت دینے کے مترادف ہے ۔

اسلام نے شراب کو واضح طور پر حرام اور ام الخبائث قرار دیا ہے اور ہندو ٬عیسائیت سمیت کسی بھی مذہب میں شراب کو حلال قرار نہیں دیا گیا لیکن بعض عناصر غیر مسلموں کی آڑ میں اس گندے کاروبار میں ملوث ہیں اور اسے فروغ دے رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مسلم آبادیوں میں شراب کی خریدو فروخت سے عوام کے اندر شدید بے چینی اور اضطراب پایا جاتا ہے اور شہریوں کا مطالبہ ہے کہ شراب خانوں کے خلاف فی الفور کا روائی عمل میں لائی جائے اور عوام کو احتجاج کر نے اور سڑ کوں پر نکلنے پر مجبور نہیں کیا جائے ۔

جماعت اسلامی شراب خانوں کے قیام اور اس گندے کاروبار کو کسی صورت قبول نہیں کرے گی۔جماعت اسلامی نے شراب خانوں کے خلاف ہمیشہ احتجاج کیا ہے اور مہم چلائی ہے اور آئندہ بھی چلائیں گے ۔حافظ نعیم الرحمن نے کراچی کے عوام اور بالخصوص نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ شراب خانوں کے حوالے سے جماعت اسلامی کے دفاتر میں رابطہ کریں اور اس کاروبار کے خلاف مہم کو منظم انداز میں چلانے اور کاروائیوں کو یقینی بنانے کے لیے جماعت اسلامی کا ساتھ دیں۔

متعلقہ عنوان :