وزیر اعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری اور وفاقی وزیر برائے امور کشمیر چوہدری برجیس طاہر کی ملاقات

مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی جارحیت ٬ کشمیری مظاہرین پر پیلٹ گن کے استعمال اور ظلم و بربریت کی شدید مذمت 27اکتوبر کو صوبہ بھر میں کشمیریوں سے یکجہتی کے طور پر ’’بلیک ڈے ‘‘ منایا جائیگا٬نواب ثناء اللہ خان زہری

جمعہ 21 اکتوبر 2016 20:57

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اکتوبر2016ء) وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے کہا ہے کہ 27اکتوبر کو صوبہ بھر میں کشمیریوں سے یکجہتی کے طور پر بلیک ڈے (Black Day) منایا جائے گا او ردن کی مناسبت سے ریلیوں اور جلسوں کا انعقاد کیا جائیگا٬ یہ بات انہوںنے وفاقی وزیر برائے امور کشمیر چوہدری محمد برجیس طاہر سے بات چیت کرتے ہوئے کی٬ جنہوںنے جمعہ کے روز یہاں ان سے ملاقات کی٬ وفاقی وزیر نے وزیراعلیٰ کو بتایا کہ 27اکتوبر 1947 کو مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی جانب سے فوج کشی کے خلاف کشمیریوں سے یکجہتی کے طور پر ملک بھر میں 27 اکتوبر بلیک ڈے کے طور پر منایا جاتا ہے ٬ وزیر اعظم کی ہدایت پر اس سال بھی یہ دن بھرپور طریقے سے منایا جائیگا۔

ملاقات کے دوران مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی جارحیت ٬ کشمیری مظاہرین پر پیلٹ گن کے استعمال اور ظلم و بربریت کی شدید مزمت کرتے ہوئے کشمیریوں سے یکجہتی کا اظہار کیا گیا٬ وفاقی وزیر نے بتایا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر بین الاقوامی سطح پر مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کے لیے پارلیمانی وفود بھجوائے جا رہے ہیں٬ تاکہ کشمیری مجاہد برہان وانی کی شہادت کے بعد تحریک آزادی میں آنے والی شدت اور رد عمل کے طور پر بھارتی مظالم کو دنیا کے سامنے پیش کر کے توجہ حاصل کی جائے٬ اس موقع پر بلوچستان کی صورتحال کے حوالے سے وزیراعلیٰ نے بتایا کہ نام و نہاد علیحدگی پسندوں نے صوبے میں ظلم و جبر کا بازار گرم کر رکھا تھا اور سینکڑوں بیگناہ لوگوں کو دہشت گردی کا نشانہ بنایا گیا لیکن حکومتی اقدامات اور سیکورٹی فورسز کی قربانیوں اور شاندار کارکردگی کے نتیجہ میں اب امن و امان کی صورتحال بہت بہتر ہوئی ہے٬ انہوں نے کہا کہ کمزوری دکھانے سے حالات ٹھیک اور شہر محفوظ نہیں ہو سکتے٬ حکومت نے اپنی رٹ بھرپور طریقے سے بحال کر رکھی ہے اور کسی کو صوبے کاامن خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جائیگی٬ انہوںنے بتایا کہ اقتصادی راہداری منصوبے کے تحت جنوبی بلوچستان میں روڈ نیٹ ورک کی تعمیر و ترقی کے منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے٬ گوادر میں پانی کے مسئلہ کے دیرپا بنیادوں پر حل کے لیے ڈیموں کی تعمیر کی جارہی ہے ٬ سوڑ ڈیم مکمل ہو چکا ہے بسول ڈیم پر کام جاری ہے٬ وزیراعلیٰ نے بتایاکہ انہوں نے گوادر میں دو مزید ڈی سیلینیشن پلانٹ نصب کرنے کی منظوری دے دی ہے٬ ملاقات میں دونوںرہنمائوں نے وزیراعظم محمد نواز شریف کے مسلم لیگ(ن) کے صدر منتخب ہونے پر خوشی اور اطمینان کا اظہار بھی کیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر وزیراعلیٰ کے اسسٹنٹ کوآرڈینیٹر مرزا شمشاد بھی موجود تھے۔