حکومت عوامی فلاح بہبود کیلئے کام کررہی ہے٬ بنیادی مسائل حل کرنا اولین ترجیحات میں شامل ہے٬ممنون حسین

جو ادارے 2013میں خسارے میں تھے وہ موجود ہ حکومت کی پالیسی کے باعث خسارے سے نکل آئے ہیں٬ جیکب آباد کے وفد سے گفتگو

جمعہ 21 اکتوبر 2016 20:57

جیکب آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اکتوبر2016ء) صدر پاکستان ممنون حسین نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت عوام کے فلاح بہبود کے لیے کام کررہی ہے٬ عوام کے بنیادی مسائل حل کرنا ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے٬جو ادارے 2013میں خسارے میں تھے اب وہ موجود ہ حکومت کی پالیسی کے باعث خسارے سے نکل آئے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسلم لیگ نواز جیکب آباد کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا٬وفد میں صوبائی سیکریٹری اطلاعات اسلم ابڑو ٬ سردار سجاد بلیدی اور دیگر شامل تھے۔

(جاری ہے)

جیکب آباد کے وفد نے صدر مملکت کو جیکب آباد سمیت سندھ کے مسائل سے آگاہ کیا اور انہیں جیکب آباد آنے کی دعوت دی٬ صدر ممنون حسین نے مزید کہا کہ نومبر میں سندھ میں بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی سروے مکمل کرنے کے بعد کارڈ جاری کئے جائیں گے جبکہ جنوری اور فروری تک سندھ کے کچھ اضلاع میں صحت کارڈ کا بھی اجراء کیا جائے گا٬ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے عوام کو صحت کی بہتر سہولیات کی فراہمی کے لیے مثبت اقدامات اٹھائے ہیں ملک بھر کی طرح سندھ میں بھی مزید اسپتالوں کا قیام عمل میں لایا جائے گا٬ انہوں نے کہا کہ عوام کے مسائل کو حل کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے٬ مسلم لیگ کی حکومت نے عوام کے لیے کی فلاح و بہبود کے لیے بڑے پروجیکٹ شروع کئے ہیںاور مزید نئے پروجیکٹ بھی شروع کئے جائیں گے۔