میٹروبس ملتان کے سٹیشنز پر ٹکٹ سسٹم کی تنصیب کاکام جاری

جمعہ 21 اکتوبر 2016 20:54

ملتان۔21 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اکتوبر2016ء) ملتان میٹرو بس منصوبے کے میٹرو اسٹیشنز پر ٹرن سٹائل لگانے کا کام شروع کردیا گیا ہے تاکہ کوئی بھی شخص ٹکٹ حاصل کئے بغیر اندر داخل نہ ہوسکے‘ خریدے گئے ٹکٹ کو مشین سے گزارنے پر آگے سے رکاوٹ ہٹ جائے گی اور راستہ مل جائے گا‘ ٹکٹ وینڈنگ مشین (ٹی وی ایم) بھی ملتان پہنچ گئی ہیں انہیں میٹرواسٹیشنز کے ٹکٹ بوتھ میں لگایا جائے گا۔

میٹرو بس میں سفر کرنے والے شہری میٹرو بس کارڈ یا ٹکٹ ووچر کے ذریعے بس میں سفر کرسکیں گے۔ووچر صرف ایک بار استعمال ہوگا جبکہ میٹرو بس کارڈ 130روپے قابل واپسی پر حاصل کیا جاسکے گا جسے دس٬بیس٬پچاس٬سو٬پانچ سو اور ایک ہزار روپے تک ریچارج کرایا جاسکے گا۔ابتداء میں میٹرو بس کارڈ کے ریچارج کے لئے ٹکٹ بوتھ میں سٹاف موجود ہوگا جبکہ بعد میں میٹرو بس کارڈ زبراہِ راست مشینوں سے ریچارج ہوسکیں گے۔

(جاری ہے)

میٹرو بس کارڈ رکھنے والے شہریوں کو ٹکٹ لینے کے لئے بوتھ کے آگے قطار میں کھڑا نہیں ہونا پڑے گا اور وہ براہِ راست میٹرو اسٹیشن کے ٹرن سٹائل سے گزر کربس میں سوار ہوسکیں گے۔ٹکٹنگ کے حوالے سے تمام مشینری ترکی سے درآمد کی گئی ہے جسے میٹرو بس اسٹیشنز پر ان باکس کمپنی نصب کررہی ہے۔ٹکٹ بوتھ پر بھی ان باکس کمپنی کا سٹاف تعینات ہوگا البتہ آمدنی پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کے اکائونٹ میں جمع ہوگی۔

کنٹریکٹ کے مطابق پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی ماہانہ بنیادوں پر ان باکس کمپنی کو خدمات کے عوض ادائیگی کرے گی۔مستقبل میں ملتان شہر کی11روٹس پر فیڈر بسیں چلانے کی منصوبہ بندی بھی کی گئی ہے۔مذکورہ بالا میٹرو بس کارڈ ان فیڈر بسوں میں بھی قابل استعمال ہوں گے۔اس مقصد کے لئے بسوں میں مشینیں نصب کی جائیں گی جن سے میٹرو بس کارڈ گزارنے پر کرایہ خود بخودمنہاہوجائے گا۔

متعلقہ عنوان :