حکومتی کشتی زیادہ دیر تیرتی نظرنہیں آتی ٬ حکمران اس کشتی پر سوار ہیں جس کے پیندے میں سوراخ ہے ٬اب بچے گا وہی جو اس ڈوبتی کشتی سے چھلانگ لگائے گا٬حکمرانوں کے پاس اب کہنے کو کچھ نہیں رہا ٬صرف پروپیگنڈے کے زور پر حکومت نہیں چلتی ٬اچھا ہوتا اگر حکومت اپنے اوردوسروں کیلئے احتساب کا نظام بناتی ٬احتساب میں تاخیر سے عوام کے غیظ و غضب میں اضافہ ہوگا ٬عدالتیں مصطفی کمال اور عشرت العباد کے ایک دوسرے بارے سچ کا فوری نوٹس لیں٬ قرآن میں خواتین کا ذکر ہے ٬ وراثت میں حصہ انہیں اسلام نے دیا ہے ٬ دو فیصد سیکولر لوگوں نے معاشرے کو یرغمال بنایا ہواہے٬ اور حقوق نسواں کے نام پر عورت کا استحصال کیا جارہاہے

امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق کا جمعہ کے بڑے اجتماع سے خطاب

جمعہ 21 اکتوبر 2016 20:52

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 21 اکتوبر2016ء) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ حکومتی کشتی زیادہ دیر تیرتی نظرنہیں آتی۔ حکومت اس کشتی پر سوار ہے جس کے پیندے میں سوراخ ہے اور پانی تیزی سے اندر آرہا ہے ٬اب بچے گا وہی جو اس ڈوبتی کشتی سے چھلانگ لگائے گا٬حکومت نے قوم کا وقت بھی ضائع کیااورپیسہ بھی۔حکمرانوں کے پاس اب کہنے کو کچھ نہیں رہا ۔

حکمرانوں نے ملک کوترقی دی نہ نظریاتی شناخت کا تحفظ کیا ۔صرف پروپیگنڈے کے زور پر حکومت نہیں چلتی۔اچھا ہوتا اگر حکومت اپنے اوردوسروں کیلئے احتساب کا نظام بناتی ۔احتساب میں جتنی تاخیر ہوگی عوام کے غیظ و غضب میں اتنا ہی اضافہ ہوگا۔مصطفی کمال اور عشرت العباد کے ایک دوسرے کے بارے میں سچ کا عدالتوں کو فوری نوٹس لینا چاہئے۔

(جاری ہے)

اسلام آنے سے پہلے عورت مظلوم تھی ٬ اسلام نے انہیں ایسے حقوق دیے جو کسی نظام میں نہیں ہیں ۔

قرآن میں خواتین کا ذکر ہے ٬ عورت ماں ٬ بہن ٬بیٹی اور بیوی کا درجہ رکھتی ہے ۔ وراثت میں حصہ انہیں اسلام نے دیا ہے ۔ سیکولر لوگ دو فیصد ہیں جنہوں نے معاشرے کو یرغمال بنایا ہواہے اور حقوق نسواں کے نام پر عورت کا استحصال کیا جارہاہے۔ وہ جمعہ کو جامع مسجد منصورہ میں جمعہ کے بڑے اجتماع سے خطاب کر رہے تھے ۔سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ ہم پہلے دن سے حکمرانوں کو احتساب کا نظام بنانے اور لوٹی گئی قومی دولت واپس کرنے پر زور دیتے رہے ہیں لیکن حکمران مسلسل ٹال مٹول اور ڈنگ ٹپائو پالیسی سے کام لیتے رہے ۔

کچھ لوگ چاہتے تھے کہ پانامہ ٬دبئی اور لندن لیکس کے معاملہ کو دبا کر قومی خزانہ سے لوٹا گیا کھربوں روپیہ ڈکار لیا جائے مگر اب ان کی یہ چالیں کامیاب نہیں ہونگی ۔٬عوام احتساب کے مطالبے سے پیچھے ہٹنے والے نہیں ۔انہوں نے کہا کہ عدالت سے نوٹس ملتے ہی حکومتی کشتی ڈولنے اور حکومتی مشینری شور مچانے لگی ہے ۔انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کو اب بھاگنے کا موقع نہیں ملے گا عوام حکومتی مظالم اور کرپشن و مہنگائی کے ہاتھوں اس قدر تنگ آچکے ہیں کہ کسی طرف سے بھی حکمرانوں کے حق میں کوئی آواز سنائی نہیں دیتی ۔

انہوں نے کہا کہ کرپشن نے ملک کی جڑیں کھوکھلی کردی ہیں ٬لٹیروں کے ٹولے نے قومی خزانے کو شیر مادر سمجھ رکھا ہے ۔ سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ جماعت اسلامی عدالتوں اور عوام دونوں جگہ اپنی جدوجہد جاری رکھے گی ۔جماعت اسلامی خیبر پختونخواہ کا صوبائی اجتماع 22.23اکتوبر کو اضاخیل میں ہوگا جس میں صوبہ بھر سے لاکھوں لوگ شریک ہونگے اور یہ اجتماع خیبر پختونخواہ کی آئندہ سیاست کا رخ متعین کرے گا اور ملک میں اسلامی انقلاب کا پیش خیمہ ثابت ہوگا ۔

28,29,30اکتوبر کو جماعت اسلامی پنجاب کا صوبائی اجتماع لاہور میں ہوگا جس کے آخری دن اسلامی انقلاب مارچ کیا جائے گا جس میں پنجاب بھر سے لاکھوں عوام شرکت کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ اس کے بعد سندھ میں ورکرز کنونشن ہوگا ۔جماعت اسلامی ملک بھر کے عوام کی ترجمان جماعت ہے اور ہم پاکستان کی نظریاتی اور جغرافیائی سرحدوں کے تحفظ کیلئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھیں گے ۔